موسم سرما میں گیس کی بلا تعطل فراہمی کیلیے موثر پلان بنا رہے ہیں مصدق ملک
جتنی گیس گزشتہ برس تھی اتنی گیس کا انتظام کر لیا ہے، وزیر مملکت پیٹرولیم
وزیر مملکت پیٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ موسم سرما میں گیس کی بلا تعطل فراہمی کے لیے موثر پلان بنا رہے ہیں۔
پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ جتنی گیس پچھلے سال تھی اتنی گیس کا انتظام کر لیا ہے اور گیس کے حوالے سے پلان کا اعلان جلد کریں گے۔ مصدق ملک نے کہا کہ 3 سے 4 برس میں توانائی کے شعبے میں خود کفیل ہو جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ بجلی اور گیس کی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے بھی کام کر رہے ہیں، کوشش ہو گی کہ سردیوں میں عوام کو پچھلے سال سے زیادہ ریلیف دیں۔
'اللہ کی لاٹھی بے آواز ہے'
علاوہ ازیں مصدق ملک نے کہا کہ گزشتہ ہفتے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کے کیس کا فیصلہ آیا، عدالت نے پوچھا کہ نوازشریف کیخلاف کوئی ایک کاغذ تو لائیں عدالت نے کہا کہ اگر نوازشریف نے جرم نہیں کیا تو مریم نواز نے کس کام میں معاونت کی۔
انہوں نے کہا کہ عدالت کے تمام سوالوں کے جواب میں مخالفین کے پاس صرف خاموشی تھی، این آئی سی ایل کے24ارب اورمالم جبہ کےاربوں روپےکےاسکینڈل کا کیا ہوا؟ وہ لوگ کہاں ہیں جنہوں نےاللہ کے گھر کے اندر کھڑے ہو کر بدکلامی کی؟
مصدق ملک نے کہا کہ اللہ کی بےآوازلاٹھی کی گونج ہرطرف سنائی دےرہی ہے، نیب پراسیکیوٹرعدالت کےباربارکہنےکےباوجودایک بھی ثبوت پیش نہیں کرسکا۔