حکومت اساتذہ کے تمام مسائل حل کرے گی، وزیراعلیٰ بلوچستان

ویب ڈیسک  بدھ 5 اکتوبر 2022
(فوٹو : فائل)

(فوٹو : فائل)

 کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ تدریسی عمل کو مؤثر انداز میں جاری رکھنے کے لیے صوبائی حکومت اساتذہ کے مسائل کو حل کرے گی۔

وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے عالمی یوم اساتذہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ تعلیم اور اس کی اہمیت سے ہم سب آگاہ ہیں، قوموں کی ترقی اور خوشحالی میں تعلیم کی بہت اہمیت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پڑھے لکھے معاشرے کی تشکیل میں اساتذہ کا کردار کلیدی ہے، حکومت اساتذہ کے مسائل اور مشکلات کو حل کرنے کیلئے سنجیدہ ہے اور تمام مسائل کو حل کرے گی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ حال ہی میں صوبائی حکومت نے اساتذہ کی اپ گریڈیشن کا دیرینہ مسلئہ حل کیا، کابینہ نے گلوبل پارٹنر شپ فار ایجوکیشن بلوچستان ایجوکیشن پراجیکٹ کے تحت 1493اساتذہ کو مستقل کیا ہے۔

دریں اثنا صوبائی وزیر تعلیم میرنصیب اللہ مری نے عالمی یوم اساتذہ کے موقع پر پیغام میں کہا کہ اساتذہ کے عالمی دن پر اساتذہ کو انکی خدمات پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں، آج کے دن کو منانے کا مقصد اساتذہ کو انکی علمی،ادبی اور قومی ذمہ داری اور خدمات پر خراج تحسین پیش کرناہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک و قوم کی تعمیر وترقی میں اساتذہ کا کردار ہمیشہ بڑی اہمیت کا حامل رہا ہے، استاد کے بغیر کوئی معاشرہ ترقی یافتہ نہیں بن سکتااور نہ ہی کوئی ملک اس کے بغیر ترقی کر سکتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔