شیخوپورہ میں سفاک قاتل نے الگ الگ مقامات پر سوئے ہوئے 8 افراد کو قتل کردیا

قاتل نے آٹھواں قتل پٹرول پمپ پر کیا جہاں پولیس اہلکار نے اسے مشکوک سمجھ کر قابو کیا ورنہ وہ مزید لوگوں کو قتل کرتا


ویب ڈیسک October 08, 2022
تمام افراد کو رات تقریباً 3 بجے قتل کیا گیا، پولیس (فوٹو فائل)

شیخوپورہ میں سفاک قاتل نے رات سوتے ہوئے الگ الگ مقامات پر 8 افراد کو کلہاڑی کے وار کرکے بے دردی سے قتل کردیا جس ایک پولیس کانسٹیبل نے قابو کیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق لاہور کے قریبی شہر شیخوپورہ کے نواحی گاؤں ہیچڑ میں مختلف مقامات پر رات کو سوتے ہوئے 8 افراد کو کلہاڑی کے وار سے قتل کیا گیا۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے آلہ قتل بھی برآمد کرلیا ہے، جس کے بارے میں تبایا جا رہا ہے کہ گرفتار کیا گیا شخص بظاہر ذہنی معذوردکھائی دیتا ہے۔

افسوس ناک واقعے کے بعد گرفتار کیے گئے شخص کا نام ابتدائی طور پر فیض بتایا جا رہا ہے، جس نے رات کو سوئے ہوئے افراد کو کلہاڑی اور آہنی راڈ سے قتل کیا۔

ملزم نے گلیوں اور کھیتوں میں سوئے افراد کو نشانہ بنایا اور تمام قتل رات دو بجے سے تین بجے کے درمیان کیے۔ واقعے کے بعد علاقے کا محاصرہ کرکے پولیس کی بھاری نفری پہنچ گئی جب کہ پولیس نے قتل کے مقامات سے شواہد جمع کیے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقاتی رپورٹ طلب کرلی اور لواحقین کو انصاف کی ہرصورت فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ آئی جی پنجاب نے بھی آر پی او شیخوپورہ سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے واقعے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات کرنے کا حکم دیا ہے۔

پولیس کانسٹیبل کی بہادری کے سبب ملزم فرار ہوا ورنہ وہ مزید قتل کرتا

اس افسوس ناک واقعے میں پولیس کانسٹیبل کی بہادری کی وجہ سے ملزم فرار ہوگیا ورنہ وہ مزید لوگوں کو قتل کرتا۔ کانسٹیبل ظفر اقبال رات ڈیوٹی سے گھر جارہا تھا کہ راستے میں رات 3 بجے اپنی موٹر سائیکل میں پٹرول ڈلوانے رکا۔ کانسٹیبل ظفر اقبال نے ایک شخص کو پٹرول پمپ پر مشکوک پایا جس کے ہاتھ میں تیر دھار آلہ اور آہنی راڈ تھی۔

ملزم نے پٹرول پمپ پر قریب ہی سوئے ہوئے ایک شخص کا قتل کیا تھا۔ ملزم کانسٹیبل ظفر اقبال کو دیکھ کر فرار ہو گیا۔ ملزم کے بھاگنے پر پولیس اہلکار نے اکیلے ہی اس کا پیچھا کیا اور مقامی پولیس کو اطلاع کی۔ ظفر اقبال، ملزم کے پیچھے موٹر سائیکل پر گیا اور قریبی گاؤں جاکر ملزم کو قابو کرلیا۔

کانسٹیبل ظفر اقبال نے بتایا کہ ملزم کو بروقت نہ پکڑا جاتا تو مزید لوگوں کو قتل کر سکتا تھا۔

ڈی پی او شیخو پورہ فیصل مختار نے کہا ہے کہ کانسٹیبل ظفر اقبال تھانہ لاری اڈا لاہور پولیس میں تعینات ہے جو رات ڈیوٹی سے گھر جارہا تھا، کانسٹیبل ظفر اقبال نے بہادری کا مظاہرہ کیا اور ملزم کو قابو کرکے مقامی پولیس کو اطلاع کی۔

انہوں نے بتایا کہ افسوس ناک واقعہ کی باقی تمام پہلوؤں سے تفتیش کی جارہی ہے، آئی جی پنجاب نے اس واقعہ پر جامع تحقیقات کا حکم دیا ہے، پولیس کے بہادر کانسٹیبل کے بروقت اقدام نے مزید لوگوں کو جانی نقصان سے بچالیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں