کوئٹہ میں عید میلاد النبی ﷺ پر موبائل سروس بند رکھنے کا فیصلہ
امن و امان بحال رکھنے کے لیے پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری جلوس کی گزر گاہوں پر تعینات کی جائے گی، ڈی آئی جی
وزارت داخلہ بلوچستان نے پولیس حکام کی سفارش پر عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر دارالحکومت میں موبائل سروس بند رکھنے کا فیصلہ کرلیا۔
ڈی آئی جی کوئٹہ غلام اظفر مہیسر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کوئٹہ میں جشن عید میلاد النبی ﷺ کا سیکیورٹی پلان ترتیب دیدیا گیا ہے، شہر کے تیرہ مقامات سے جلوس نکالے جائیں گئے، شہر بھر سے نکالے جانے والے جلوس باچا خان چوک پر اکٹھے ہونگے۔
انہوں نے بتایا کہ باچا خان چوک پر علما کرام اسوہ حسنہ ﷺ پر روشنی ڈالیں گئے جس کے بعد مرکزی جلوس برآمد ہو گا، جو باچا خان چوک، لیاقت بازار، جنکشن چوک،مسجد روڈ سے اپنے مقررہ راستوں پر نکالا جائے گا۔
اطفر مہیسر نے بتایا کہ امن و امان بحال رکھنے کے لیے پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری جلوس کی گزر گاہوں پر تعینات کی جائے گی جبکہ وزارت داخلہ کو موبائل فون سروس بند رکھنے کے لیے مراسلہ تحریر کیا گیا ہے۔
دوسری جانب وزارت داخلہ نے پولیس حکام کی سفارش پر صوبے بھر میں اتوار کی صبح سے رات 12 بجے تک موبائل فون سروس بند رکھنے کا اعلان کردیا ہے جس کا باضابطہ نوٹی فکیشن جاری کیا جائے گا۔