وزیراعظم کو ماحولیاتی مسائل کے حل کی عالمی تنظیم کی نائب صدارت مل گئی

وزیراعظم شہباز شریف، ناروے کے وزیراعظم اور مصر کے صدر گول میز کانفرنس کی مشترکہ صدارت کریں گے


ویب ڈیسک October 10, 2022
اقوام متحدہ کے 195 ممالک میں سے پاکستان کو یہ اعزاز ملا ہے (فوٹو فائل)

وزیراعظم شہباز شریف کو موسمیاتی تبدیلیوں اور اس کے نتیجے میں ہونے والے مسائل کے حل کی عالمی تنظیم (سی او پی 27) کی نائب صدارت دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔

پی ایم ہاؤس (پریس ونگ)کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اقوام متحدہ کے 195 ممالک میں سے پاکستان کو یہ اعزاز ملا ہے۔ سی۔او۔پی۔27 کی صدارت مصر کے پاس ہے۔کانفرنس آف پارٹیز (سی۔او۔پی۔27) کی طرف سے اجلاس کے دوران نائب صدارت پاکستان کے لیے بڑا عالمی اعزاز ہے۔

اس سلسلے میں مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے وزیراعظم شہباز شریف کو سی۔او۔پی۔27 کے اجلاس کی مشترکہ صدارت کی دعوت بھی دی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف، ناروے کے وزیراعظم اور مصر کے صدر گول میز کانفرنس کی مشترکہ صدارت کریں گے۔ کانفرنس آف پارٹیز کا اجلاس شرم الشیخ، مصر میں 6 سے 18 نومبر کو ہوگا۔

سی او پی 27 کے اجلاس میں عالمی سربراہان، حکومتوں کے سربراہ، عالمی مالیاتی اداروں اور تھنک ٹینکس کے ذمے دار شرکت کریں گے۔ اقوام متحدہ کے زیر اہتمام ماحولیاتی تبدیلیوں کے مسائل اور ان کے حل کے حوالے سے یہ 27 واں اجلاس ہوگا۔ نائب صدارت کا منصب وزیراعظم شہباز شریف کی ماحولیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے پراثر آواز پر دیا گیا۔

شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان مملکت اور حکومت کی کونسل کے 15 سے 16 ستمبر کو سمر قند میں ہونے والے اجلاس میں ماحولیاتی تبدیلیوں کے مسئلے کو ایس۔سی۔او تنظیم کی سطح پر اٹھانے کی وزیراعظم شہباز شریف کی تجویز کی دیگر ممالک نے تائید کی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں