صدر مملکت اور وزیراعظم سے آرمی چیف کی الوداعی ملاقاتیں

ویب ڈیسک  پير 28 نومبر 2022
صدر مملکت  اور وزیراعظم نے جنرل قمر جاوید باجوہ کی ملک اور پاک فوج کے لیے خدمات کو سراہا (فوٹو فائل)

صدر مملکت اور وزیراعظم نے جنرل قمر جاوید باجوہ کی ملک اور پاک فوج کے لیے خدمات کو سراہا (فوٹو فائل)

 اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم شہباز شریف سے  آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے علیحدہ علیحدہ الوداعی ملاقاتیں کی ہیں۔

ذرائع کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے جنرل قمر جاوید باجوہ کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ صدر مملکت  کی  جانب سے جنرل قمر جاوید باجو ہ کی ملک اور پاک فوج کے لیے خدمات کی تعریف کی گئی۔ انہوں نے ریٹائر ہونے والے آرمی چیف کی دفاعی شعبے میں خدمات کو سراہا۔

بعد ازاں آرمی چیف نے وزیراعظم شہباز شریف سے بھی الوداعی ملاقات کی، جس میں وزیر اعظم نے جنرل قمر جاوید باجوہ کی پاک فوج، ملکی دفاع اور قومی مفادات کے لیے خدمات کو سراہا۔ وزیراعظم نے کہا کہ فیٹیف کی گرے لسٹ سے پاکستان کا نام نکلوانے، کورونا وبا اور سیلاب سمیت مختلف بحرانوں میں جنرل قمر جاوید باجوہ کی قیادت میں فوج نے مثالی خدمات انجام دیں۔

ملاقات میں وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردی کے عفریت کو کچلنے کے لیے جنرل قمر جاوید باجوہ کی قیادت میں فوج نے بڑی شجاعت و بہادری سے کردار ادا کیا۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے تاریخ کے ایک مشکل مرحلے پر پاک فوج کی قیادت کی۔ انہوں نے دفاع پاکستان کو ناقابل تسخیر بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پیچیدہ علاقائی صورتحال میں جنرل قمر جاوید باجوہ کے قائدانہ کردار سے سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے میں سمت کا تعین ہوا۔ نیز وزیراعظم نے جیواکنامکس کی اہمیت کے حوالے سے جنرل قمر جاوید باجوہ کے کردار کو سراہا۔

علاوہ ازیں وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کو معاشی قوت بنانے کے لیے تمام سیاسی قوتوں کو میثاق معیشت پر دستخط کرکے اجتماعی دانش کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ آرمی چیف سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آپ کو دنیا کی بہترین فوج کی قیادت کا باعث فخر اعزاز حاصل ہوا ہے۔

یہ بھی پڑھیں :فوج غیر سیاسی رہنے کے فیصلے پر ثابت قدم رہے گی، آرمی چیف

 

الوداعی ملاقات میں  آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے قومی امور کی انجام دہی میں بھرپور تعاون پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ بعد ازاں وزیراعظم شہباز شریف نے ریٹائر ہونے والے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا۔

واضح رہے کہ نئے آرمی چیف کے لیے کمان تبدیلی کی خصوصی تقریب کل 29 نومبر بروز منگل صبح 9 بجے منعقد ہو گی۔ تقریب میں نئے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر پاک فوج کی کمان سنبھالیں گے۔

ریٹائر ہونے والے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ خصوصی تقریب میں پاک فوج کی کمان نئےآرمی چیف کے حوالے کریں گے۔ اس موقع پر تمام مسلح افواج کے سربراہان، اعلیٰ سول اور فوجی افسران تقریب میں شریک ہوں گے۔ علاوہ ازیں وفاقی وزرا، سفارتکار ، اعلیٰ شخصیات اور صحافی بھی تقریب میں مدعو کیے گئے ہیں۔اس موقع پر نئے آرمی چیف کو سلامی پیش کی جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔