کراچی میں شوہر کے ہاتھوں قتل ہونے والی بیوی اور 3 بیٹیوں کی نماز جنازہ ادا

ویب ڈیسک  بدھ 30 نومبر 2022

 کراچی: ملیر شمسی سوسائٹی میں شوہر کے ہاتھوں قتل کی جانے والی بیوی اور 3 بیٹیوں کی نماز جنازہ شاہ فیصل کالونی میں ادا کی گئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی کے ضلع ملیر شمسی سوسائٹی بلاک ڈی میں گھر کے اندر شوہر فواد کے ہاتھوں تیز دھار آلے کے وار سے ذبح کر کے قتل کی جانے والی بیوی 42 سالہ ہما اور 3 بیٹیوں، 16 سالہ نیہا، 12 سالہ فاطمہ اور 10 سالہ نمرہ کی نماز جنازہ گزشتہ روز شاہ فیصل کالونی میں ادا کی گئی۔

ذرائع ایکسپریس کا کہنا ہے کہ قتل کی جانے والی ماں اور 3 بیٹیوں کی میتیں چھیپا سرد خانے سے مقتول ہما کے میکے شاہ فیصل کالونی نمبر 3 لے جائی گئیں۔

اس موقع پر رشتے داروں اور علاقہ مکینوں کی بہت بڑی تعداد موجود تھی جب کہ پورے علاقے میں سوگ کی فضا چھائی رہی، ماں اور تینوں بیٹیوں کی میتیں ایک ساتھ اٹھائی گئیں تو کہرام مچ گیا۔

جنازے اٹھائے گئے تو خواتین شدت غم سے نڈھال ہوگئیں جب کہ اس موقع پر کئی رقت انگیز مناظر بھی دیکھنے میں آئے، لواحقین اس اندوہناک واقعہ پر ایک دوسرے سے گلے مل کر دھاڑیں مار مار کر روتے رہے۔

مقتولین ماں اور بیٹیوں کی میتیں عظیم پورہ قبرستان سے متصل جامع مسجد اولیا لے جائی گئیں، جہاں بعد نماز عصر ان کی نماز جنازہ ادا کی گئی جس میں اہلخانہ ، عزیز و اقارب ، رشتے دار ، علاقہ مکین اور پولیس افسران نے بھی شرکت کی، بعدازاں ماں اور تینوں بیٹیوں کو آہوں اور سسکیوں میں شاہ فیصل کالونی کے عظیم پورہ قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔