امریکی حکومت مشکل گھڑی میں پاکستان کے ساتھ ہے، ڈونلڈ بلوم

اسٹاف رپورٹر  منگل 6 دسمبر 2022
فوٹو:ٹوئٹر

فوٹو:ٹوئٹر

 اسلام آباد: پاکستان میں تعینات امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے سیلاب بحران سے پاکستان کو ہونے والے بڑے معاشی نقصانات کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی حکومت اس مشکل گھڑی میں پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے۔

وزارت خزانہ کی طرف سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق امریکی سفیرنےان خیالات کا اظہاروفاقی وزیر خزانہ و ریونیو اسحاق ڈار سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

ڈونلڈ بلوم نے ریاست ہائے متحدہ امریکا اور پاکستان کے درمیان دو طرفہ تعلقات کے حوالے سے اپنے جذبات کا اظہار کیا، انہوں نے سیلاب کے بحران سے پاکستان کو ہونے والے بڑے معاشی نقصانات کا اعتراف کیا اور کہا کہ امریکی حکومت اس مشکل گھڑی میں پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے۔

وزیر خزانہ نے امریکا کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ امریکا نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ دونوں ممالک اپنے اقتصادی تعلقات کو مزید گہرا کر سکتے ہیں، اس موقع پروزیر خزانہ نے تعاون پرامریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کا شکریہ ادا کیا۔

وزیر خزانہ نے امریکی سفیر کو موجودہ حکومت کی جانب سے شروع کیے جانے والے سیلاب کے بعد کی تعمیر نو اور بحالی کے منصوبوں سے بھی  آگاہ کیا۔

ملاقات میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خزانہ طارق باجوہ، سیکرٹری خزانہ اور فنانس ڈویڑن کے دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔