انٹرمیڈیٹ کے امتحانات؛ کراچی کے 38 کالجز کے تمام طلبا فیل

عائشہ خان انصاری  ہفتہ 24 دسمبر 2022
فوٹو: فائل

فوٹو: فائل

کراچی: کراچی انٹر بورڈ امتحانات میں 38 کالجز اور ہائر سیکنڈری اسکولز میں تمام کے تمام طلبہ فیل ہوگئے۔

انٹر میڈیٹ بورڈ کراچی کی جانب سے کالجوں کی کاگردگی کی فہرست جاری کردی گٸی ہے جس کے مطابق 38 کالجوں اور ہائر سیکنڈری اسکولز میں ایک بھی طالبعلم کامیاب نہ ہوسکا۔

انٹر بورڈ امتحانات میں پری میڈیکل، پری انجینئرنگ اور جنرل سائنس گروپ سے کوئی ایک بھی طالب علم کامیاب نہ ہوسکا۔ 25 سرکاری کالجز اور 13 نجی کالجز کے تمام طلبہ فیل ہو گئے۔

کراچی انٹرمیڈیٹ بورڈ نے کالجز کی کارکردگی پر سیکرٹری کالجز ایجوکیشن احمد بخش ناریجو کو خط بھی لکھ دیا ہے۔

اس حوالے سے انٹر بورڈ کراچی کے چیئرمین ڈاکٹر سعید الدین نے ایکسپریس سے بات چیت میں اس بات کی تردید کی کہ کسی بھی کالج کی رجسٹریشن کو معطل کیا گیا ہے لیکن انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ان کالجز کو تنبیہ کی جائے گی اور اس حوالے سے متعلقہ افراد سے بازپرس کی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ سیکریٹری کالجز کو خط کے ذریعے باور کروایا گیا ہے کہ تعلیمی معیار کو مزید بہتر کیا جائے۔
اس حوالے سے ڈائریکٹر کالجز ڈاکٹر محمد علی مانجھی نے ایکسپریس سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ جاری کردہ فہرست میں ہائر سیکنڈری اسکولز بھی شامل ہیں، سارا ملبہ کالجز پر نہیں گرایا جاسکتا۔

انہوں نے کہا کہ عام طور پر سائنس گروپ کے طلبہ کی تعداد دیگر گروپس کے مقابلے میں کم ہونے کی وجہ سے سائنس گروپ کے طلبہ کا پاسنگ ریشو بھی کم ہوتا ہے۔ طلبہ و اساتذہ کی حاضری یقینی بنانے کی کوشش کریں گے اور تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کے لیے سبجیکٹ اسپیشلسٹ کی بھرتیاں شروع کردی جائیں گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔