کے آئی ایچ ڈی اسپتال میں ایکسپریس نیوز کی رپورٹر کو سنگین نتائج کی دھمکیاں
اسپتال میں موجود غنڈہ عناصر نے کوریج کے لیے جانے والی خاتون رپورٹر سمیت پوری ٹیم کو یرغمال بنایا
ایکسپریس نیوز کی ٹیم کو کراچی انسٹیٹیوٹ آف ہارٹ ڈیزیز کی کوریج کے دوران غنڈہ عناصر نے یرغمال بنالیا جبکہ اسپتال کے عملے کی جانب سے ایکسپریس نیوز کی خاتون رپورٹر کو ہراساں کیا اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق کے ایم سی کے ماتحت فیڈرل بی ایریا بلاک 16 میں قائم اسپتال کراچی انسٹیٹیوٹ آف ہارٹ ڈیزیز میں گزشتہ کئی مہینوں سے بے ضابطگیوں کی اطلاعات مل رہی تھیں۔ اس حوالے سے ایکسپریس نیوز کی جانب سے کئی بار نشاندہی کرانے کے باوجود اسپتال انتظامیہ کی مجرمانہ غفلت، بے حسی اور لاپروائی کی وجہ سے کوئی بہتری نہ آسکی۔
اسی تناظر میں جب ایکسپریس نیوز کی ٹیم کراچی انسٹیٹیوٹ آف ہارٹ ڈیزیز اسپتال کی کوریج کے پہنچی اور خاتون رپورٹر اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داری انجام دے رہی تھیں کہ انتظامیہ کی جانب سے ان کے ساتھ انتہائی ہتک آمیز رویہ اپنایا گیا اور اس موقع پر اسپتال میں موجود غنڈہ عناصر نے کوریج کے لیے جانے والی ایکسپریس نیوز کی خاتون رپورٹر سمیت پوری ٹیم کو یرغمال بنالیا۔
شرپسند عناصر کی جانب سے خاتون رپورٹر اور ٹیم کو کئی گھنٹے تک یرغمال بنائے رکھا جبکہ اس تمام صورتحال میں کراچی انسٹیٹیوٹ آف ہارڈ ڈیزیز کی ڈائریکٹر ڈاکٹر رفعت سلطانہ مبینہ طور پر ملوث رہیں اور ان کی جانب سے عملے کو مسلسل حکم دیا جاتا رہا۔
عملے کی جانب سے خاتون رپورٹر سمیت پوری ٹیم کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دی جاتی رہیں جبکہ ایکسپریس نیوز کی گاڑی کی چابی بھی چھیننے کی کوشش کی گئی۔ اس موقع پر سلمان اور معیز سمیت دیگر غنڈہ عناصر نے خاتون رپورٹر کو دھمکایا کہ ہم نے 10 سے زائد لڑکے بلائے ہیں وہ تم سب کا ایسا حلیہ بگاڑیں گے کہ کوئی پہچان نہیں سکے گا۔
عناصر کی جانب سے ایکسپریس نیوز کی گاڑی کو بھی آگ لگانے کی دھمکی دی گئی ان تمام صورتحال کے پیش نظر ایکسپریس نیوز کی جانب سے فوری طور پر پولیس حکام سے مدد طلب کی اور متعلقہ تھانے کی پولیس نے موقع پر پہنچ کر ایکسپریس نیوز کی ٹیم کو تحفظ فراہم کیا۔
دوسری جانب بلدیہ عظمیٰ کراچی کے حکام کی جانب سے ایکسپریس کی ٹیم کو یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ سلمان خلیق اور معیز کو معطل کیا جائے گا تاکہ آئندہ اس قسم کے غلطی نہ دوہرائی جائے۔
ایکسپریس نیوز کی خاتون رپورٹر اور ان کی ٹیم کو یرغمال بنا کر ہراساں کرنے کے واقعہ پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنما خرم شیر زمان نے شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے صحافتی ذمہ داری کی انجام دہی میں خاتون رپورٹر سے غیر مناسب رویئے کو شرمناک قرار دیا اور ایڈمنسٹریٹر کراچی سے واقعے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا، انتظامیہ کا کام ہے صحافیوں سمیت ہر شخص سے مکمل تعاون کریں ، انتظامیہ کی خاتون صحافی سے بدکلامی ناقابل برداشت ہے۔