ہمارے کارکنان غنڈے ہیں تو عمران خان بہادر آباد کیوں آئے تھے ایم کیو ایم

پی ٹی آئی کو مدد کےلیے کراچی سے نشتیں ملی تھیں اب ایک بھی نہیں ملے گی، ایم کیو ایم


ویب ڈیسک December 31, 2022
(فوٹو، فائل)

ایم کیو ایم نے پی ٹی آئی رہنماؤں کی تنقید پر کہا ہے کہ ہمارے کارکنان غنڈے ہیں تو عمران خان بہادر آباد کیوں آئے تھے؟ پی ٹی آئی جس کارخانے کی پیداوار ہے وہ اُس کے مخلص نہ ہوسکے تو ایم کیو ایم کا احسان کیا مانتے؟


ایکسپریس نیوز کے مطابق پی ٹی آئی رہنماؤں کی کڑی تنقید پر ایم کیو ایم کا سخت ردعمل سامنے آگیا۔ ترجمان ایم کیو ایم پاکستان نے کہا ہے کہ ماضی میں ایم کیو ایم کی تعریفوں کے پُل باندھنے والوں کو آج ایم کیو ایم دہشت گرد نظر آنے لگی ہے۔


ترجمان نے کہا ہے کہ اگر ایم کیو ایم پاکستان کے کارکنان غنڈے ہیں تو عمران خان کیوں بہادرآباد تشریف لائے تھے؟ کل تک پی ٹی آئی کی حکومت جن بیساکھیوں پر کھڑی تھی آج وہ تمام اچانک ان کی نظر میں بُرے ہوگئے۔


ترجمان ایم کیو ایم نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی جس کارخانے کی پیداوار ہے وہ اُس کے مخلص نہ ہوسکے تو ایم کیو ایم کا احسان کیا مانتے؟ پی ٹی آئی والے ذرا سوچ سمجھ کر بیانات دیں، اب سیاسی مینجمنٹ کے لیے کوئی مدد کو نہیں آئے گا۔


ایم کیو ایم نے کہا کہ پی ٹی آئی کو 2018ء میں مدد کے نام پر کراچی سے جو نشستیں دی گئیں اُن میں سے ایک بھی نہیں ملے گی، پی ٹی آئی کے رہنماؤں کے حالیہ بیانات کھسیانی بلی کے کھمبا نوچنے کے مترادف ہیں۔


ایم کیو ایم نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کی پوری قیادت بوکھلاہٹ اور جھنجھلاہٹ کا شکار ہے، پی ٹی آئی کے غیر سیاسی شعبدے بازوں سے سیاسی بات کی توقع ہی فضول ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں