آپ کی جسمانی تھکاوٹ یا چستی بتانے والی اسمارٹ واچ

ویب ڈیسک  جمعرات 5 جنوری 2023
سٹیزن نے تھکاوٹ یا توانا رہنے کی کیفیت ظاہر کرنے والی اسمارٹ واچ پیش کردی ہیں۔ فوٹو: اینڈروئڈ پولیس

سٹیزن نے تھکاوٹ یا توانا رہنے کی کیفیت ظاہر کرنے والی اسمارٹ واچ پیش کردی ہیں۔ فوٹو: اینڈروئڈ پولیس

لاس ویگاس: اسمارٹ واچ کی دوڑ میں کئی کمپنیاں کود پڑی ہیں اور اب سٹیزن کمپنی نے اپنی سی زیڈ اسمارٹ گھڑی کا اعلان کیا ہے جس میں ناسا کی وہ ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے جو خلانوردوں کے چاق و چوبند یا تھکاوٹ کے عمل کو ظاہر کرتی ہے۔

اس سے قبل سٹیزن کی پہلی اسمارٹ واچ بری طرح ناکام ہوئی تھی۔ اب سٹیزن نے اگلےماہ کنزیومر الیکٹرانک شو میں اپنی دوسری ’سی زیڈ اسمارٹ واچ‘ پیش کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس میں آئی بی ایم کے واٹسن سپرکمپیوٹر اور کمپنی کی ایپ کی مدد سے پہننے والے کی جسمانی کیفیت معلوم کی جاسکتی ہے۔ بطورِ خاص یہ ٹیکنالوجی ڈرائیور حضرات کے لیے مفید ثابت ہوسکتی ہے کیونکہ یہ انسانی تھکاوٹ، یا ان کے چوکنا ہونے کی خبر دے سکے گی۔

اسمارٹ واچ ناسا کے سائیکوموٹر ویجیلنس ٹاسک ٹیسٹ (پی وی ٹی پلس) کی طرز پر تھکاوٹ یا تازہ دم ہونے کےمختلف درجے بیان کرسکتی ہے۔ ناسا یہ ٹیکنالوجی اب بھی خلانوردوں کے لیے استعمال کررہی ہے۔ اسمارٹ واچ میں ایک جی بی ریم اور 8 جی بی اسٹوریج موجود ہے جبکہ اسنیپ ڈریگن 4100 پلیس پروسیسر نصب کیا گیا ہے۔

سٹیزن اسمارٹ واچ کے دو ورژن جاری کرے گا جس میں عام ورژن کے ساتھ اسپورٹس ورژن بھی شامل ہے۔ تاہم دونوں کا اسکرین 1.3 انچ او ایل ای ڈی ڈسپلے پر مشتمل ہے۔ تاہم ان اسمارٹ واچ کو بہت خوبصورتی سے ڈیزائن کیا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔