موٹر سائیکل سواروں کا گروپ عمرہ کی ادائیگی کیلیے سعودی عرب روانہ

ویب ڈیسک  جمعـء 6 جنوری 2023
فوٹو : سوشل میڈیا

فوٹو : سوشل میڈیا

 لاہور: بین الاقوامی مذہبی سیاحت کی جانب پہلا قدم اٹھاتے ہوئے 25 موٹر سائیکل سواروں کا گروپ عمرہ کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب روانہ ہوگیا۔

موٹرسائیکل سواروں کا گروپ 6 ممالک سے گزرتا ہوا حرمین شریفین پہنچے گا۔

پچیس بائیکرز کا قافلہ پاکستان سے ایران، عراق، کویت، اردن اور یو اے ای سے گزرتا ہوا سعودی عرب پہنچے گا، بائیکرز 14 ہزار کلو میٹر سے زائد سفر طے کریں گے۔

دوران سفر بائیکرز پاکستان کی طرف امن، دوستی اور بھائی چارے کا پیغام پہنچائیں گے۔

اس اہم سفر پر روانہ ہونے والے بائیکرز کا کہنا تھا کہ ان کی خوشی قسمتی ہے کہ ایک مقدس سفر پر روانہ ہو رہے ہیں، یہ ان کے لیے ایک یادگار سفر ہوگا۔ انہیں مختلف ممالک کے کلچر، سیاحت اور اہم مقامات کو دیکھنے کا موقع ملے گا۔

بائیکرز کے مطابق اس طویل سفر سے متعلق انہوں نے مکمل اسٹڈی کی ہے، کس جگہ قیام ہوگا، سیکیورٹی انتظامات سمیت تمام تیاریاں مکمل کی گئی ہیں۔ دو بائیکر رحیم یارخان سے اس گروپ میں شامل ہوں گے۔

اس موقع پر محکمہ سیاحت پنجاب کے حکام سمیت لاہور میں واقع خانہ فرہنگ ایران کے نمائندے بھی شریک ہوئے اور بائیکرز کو روانہ کیا۔

واضع رہے کہ نجی بائیکرز کلب کا 16 بائیکرز پر مشتمل پہلا گروپ اگست 2019 میں ایران کا 25 روزہ وزٹ کر کے آیا تھا۔ اس کے بعد یہ چوتھا گروپ سفر پر روانہ ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔