سرفراز احمد کو شاندار کارکردگی پر کھلاڑی ’کپتان‘ کہنے لگے

ویب ڈیسک  جمعـء 6 جنوری 2023
فوٹو انٹرنیٹ

فوٹو انٹرنیٹ

  کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر اور بلے باز سرفراز احمد کی دوسرے ٹیسٹ میچ میں ذمہ دارانہ بیٹنگ اور شاندار کارکردگی پر ساتھی کھلاڑی تعریف کیے بغیر نہ رہ سکے اور انہیں کپتان کہہ کر مخاطب کرنے لگے۔

وکٹ کیپر سرفراز احمد نے نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے آخر روز ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 118 رنز کی اننگز کھیلی اور پاکستان کو شکست سے بچا کر میچ کو ڈرا کراویا۔

سرفراز احمد کی بیٹنگ پر جہاں اُن کے مداحوں نے تعریف کی وہیں ساتھی کھلاڑی شاداب خان، محمد عامر، عماد وسیم، حسین علی سمیت دیگر نے تعریفی ٹویٹ کیے اور سرفراز کو کپتان کہہ کر مخاطب کیا۔

سماجی رابطے کی سائٹ ٹویٹر پر سابق فاسٹ بولر محمد عامر نے سرفراز کو بابو کہتے ہوئے مخاطب کیا اور انہیں حقیقی چیمپئن قرار دیتے ہوئے دعا دی کہ اللہ تمھیں نظر بد سے بچائے۔

عماد وسیم نے بھی سرفراز کی شاندار بیٹنگ کر مختصر ٹویٹ کیا اور اُن کا نام لکھ کر ہیش ٹیگ ’یہ میرا ٹویٹ ہے‘ استعمال کیا۔

علاوہ ازیں شاداب خان، حسن علی نے سرفراز کو ’کپتان‘ کہہ کر مخاطب کیا۔ شاداب خان نے لکھا کہ ’یہ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوا مگر ٹیسٹ میچ بہت شاندار تھا، نیوزی لینڈ نے اچھا لکھا مگر پاکستان نے بھی بھرپور انداز سے دفاع کیا، میں یہ بات بتا نہیں سکتا کہ سیفی بھائی نے ہماری نسل کے لیے کیا کچھ نہیں کیا‘۔


انہوں نے لکھا کہ ’ہم نے سرفراز احمد سے قیادت سیکھی، ٹیم کو ساتھ لے کر چلنا اور ٹیم کی صورت میں مقابلہ کرنا سیکھا‘۔ انہوں نے دعا دی کہ اللہ تعالیٰ ’کپتان‘ (سرفراز) کی زندگی کو بہترین بنائے۔

حسن علی نے سرفراز کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’یہ میرا فائٹر کپتان ہے‘۔ اس کے علاوہ کامران اکمل، سعید اجمل، فہیم اشرف، امام الحق سمیت دیگر ساتھیوں نے بھی سرفراز احمد کی کارکردگی کی تعریف کی۔

علاوہ ازیں سماجی رابطے کی سائٹ ٹویٹر پر صارفین نے سرفراز احمد کی خوب تعریف کی اور اُن کے حق میں ٹویٹ کیے اور اُن کی بلے بازی کی تعریف کی۔


واضح رہے کہ نویزی لیںڈ کے خلاف دو ٹیسٹ میچز کی سیریز میں سرفراز احمد نے چار اننگز میں 335 رنز اسکور کیے، جس کی وجہ سے انہیں مین آف دی سیریز اور مین آف دی میچ کا ایوارڈ بھی دیا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔