سی ٹی ڈی پشاور کی کارروائی میں چار خطرناک دہشت گرد ہلاک

احتشام خان  ہفتہ 7 جنوری 2023
فوٹو:فائل

فوٹو:فائل

 پشاور: خیبرپختونخوا کے علاقے سنگو سربند میں انسداد دہشت گردی فورس سے دو طرفہ فائرنگ کے تبادلے میں چار انتہائی مطلوب دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق کاونٹرٹیررازم ڈیپارٹمنٹ پشاور ریجن اور سیکیورٹی اداروں کو خفیہ زرائع سےاطلاع ملی کہ دہشت گردوں کا ایک گروہ علاقہ سنگو سربند کے حدود میں دہشت گردی کی بڑی کاروائی کیلیے موجود ہے۔

اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز اور سی ٹی ڈی کے اہلکار دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے مقام کی جانب روانہ ہوئے، مقام پر پہنچتے ہی دہشتگردوں نے اہلکاروں پر فائرنگ کی اور اس دوران بھاگنے کی بھی کوشش کی۔

سی ٹی ڈی، سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان دو طرفہ فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں چار دہشت گرد ہلاک ہوئے جن کی شناخت زرملوک عرف عثمان، محمد سعید عرف پروفیسر، شاہد حسین عرف اختر اور عبد القیوم عرف عبدالربر کے ناموں سے ہوئی۔

حکام کے مطابق تین دہشت گردوں کا تعلق باڑہ ضلع خیبر جبکہ ایک کا تعلق پشاور کے علاقے بڈھ بیر سے تھا۔ آخری اطلاع کے مطابق پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ کر علاقے میں فرار دہش گردوں کی گرفتاری کے لئے آپریشن کررہی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔