کیفی خلیل نے حملے میں زخمی ہونے کی خبروں کی تردید کردی

ویب ڈیسک  پير 9 جنوری 2023
(فائل فوٹو)

(فائل فوٹو)

کراچی: نوجوان بلوچی گلوکار کیفی خلیل نے کنسرٹ کے دوران حملے میں زخمی ہونے کی خبروں کی تردید کر دی۔

مشہور بلوچی گانے کنا یاری اور کہانی سنو کے گلوکار کیفی خلیل نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں گزشتہ روز کنسرٹ کے دوران حملے میں زخمی ہونے کی افواہوں کو جعلی قرار دے دیا۔

گلوکار نے ٹوئٹ میں مداحوں کو پیغام دیا کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی میرے زخمی ہونے کی خبریں جھوٹی ہیں میں خیریت سے ہوں۔

کیفی نے بتایا کہ وہ کراچی میں جاری ایٹ فیسٹیول میں گزشتہ رات ہونے والی بدنظمی کے باعث کنسرٹ ادھورا چھوڑ کر روانہ ہوگئے تھے ان کا کہنا تھا کہ کنسرٹ میں آئی خواتین کو ہراساں کیا گیا جوکہ کچھ دیر لطف اندوز ہونے کیلئے اپنی فیملی کے ساتھ آئی تھیں۔ کیفی نے ایونٹ آرگنائزر سے درخواست کی کہ وہ کنسرٹ کیلئے بہتر جگہ کا انتخاب کریں اور آرٹسٹ سمیت ایونٹ میں آئے تماشائیوں خاص کر خواتین کی سیکیورٹی یقینی بنائیں۔

کیفی کا کہنا تھا کہ کل کے واقعے نے انہیں بےحد مایوس اور پریشان کیا ہے اس سے قبل بھی ایک مرتبہ اس طرح کی بدنظمی کی وجہ سے انہیں  پرفارمنس ادھوری چھوڑ کر جانا پڑا تھا۔

 

 

 

View this post on Instagram

 

 

A post shared by Celebs.Pakistan (@celebspakistan)

کیفی خلیل  نے مداحوں سے درخواست کی وہ اپنے رویے کو بہتر بنائیں اور سب کے ساتھ عزت سے پیش آئیں خاص طور پر خواتین کی عزت کرنا سیکھیں۔

یاد رہے کہ کراچی میں گزشتہ رات ایٹ فیسٹیول جاری تھا جہاں کچھ لڑکے رکاوٹیں پھیلانگ کر گھس آئے اور فیسٹیول میں آئی خواتین اور فیملیز کو ہراساں کیا، اس واقعے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہیں جبکہ یہ بھی کہا جارہا تھا کہ کیفی خلیل پر حملہ کر کے انہیں زخمی کر دیا گیا  ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔