ٹانک میں فائرنگ سے سینئر قانون دان جاں بحق

ویب ڈیسک  منگل 10 جنوری 2023
(فوٹو فائل)

(فوٹو فائل)

ٹانک: تجوڑی کے قریب نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے وکلاء پر فائرنگ کی جس کی زد میں آکر سینئر قانون دان جاں بحق ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق فائرنگ کا واقعہ خیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک میں تجوڑی کے قریب پیش آیا جہاں موٹر سائیکل پر سوار نامعلوم ملزمان نے وکلاء کی گاڑی کو گولیوں سے چھلنی کردیا۔

فائرنگ کے نتیجے میں سینئر قانون دان دلنواز جاں بحق ہوگئے جب کہ ساتھی وکلاء مصطفٰی اور ابرار زخمی ہیں۔

فائرنگ کا واقعہ تھانہ گل امام کی حدود میں پیش آیا تھا جس کی اطلاع ملتے ہی تھانہ گل امام کی پولس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر لاش اور زخمیوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کروایا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ وکلاء ضلع کچہری سے چھٹی کر کے اپنے گاؤں اماخیل جا رہے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔