جاوید اختر ایئرپورٹ پر گلزار صاحب کیوں بنے؟ دلچسپ واقعہ

ویب ڈیسک  بدھ 11 جنوری 2023
فوٹو فائل

فوٹو فائل

 ممبئی: کہانی نویس ، فلم رائٹر اور افسانہ نگار جاوید اختر نے اپنے ساتھ ایئرپورٹ پر پیش آنے والا ایک مضحکہ خیز واقعہ بیان کیا اور بتایا کہ وہ ہوائی اڈے پر گلزار صاحب بن گئے تھے۔

مصنف اروند منڈلوئی کی جاوید اختر پر لکھی گئی کتاب ’جدوناما‘ کی تقریب رونمائی میں جاوید اختر نے انکشاف کیا کہ اُن کے ساتھ ایک دلچسپ واقعہ اُس وقت پیش آیا جب ایک شخص نے انہیں خوش فہمی کی وجہ سے مصنف گلزار سمجھا اور اُسی طرح کا پروٹوکول دیا‘۔

جاوید اختر نے بتایا کہ وہ ایئرپورٹ پر تھے تو اس دوران ایک آدمی انہیں گلزار سمجھ کر پاس آیا اور آداب کیا۔ انہوں نے بتایا کہ میں نے بھی اُس کی تصحیح نہیں کی اور خود کو گلزار صاحب ہی ظاہر کیا۔

انہوں نے بتایا کہ ’شبانہ اور میں ایئرپورٹ پر تھے تو اس دوران ایئرلائن کے عملے نے ہمیں بٹھایا اور بتایا کہ وہ ہمارے لیگج لے کر آگئے ہیں، اسی دوران ایک شخص وہاں آیا اور مجھے آداب کیا جس پر میں نے بھی جواب میں آداب کہا‘۔

جاوید اختر نے مطابق اُس شخص نے مجھ سے سوال کیا کہ ’گلزار صاحب آپ ایئرپورٹ کیسے پہنچے، جس پر میں نے بتایا کہ جاوید اختر آرہے ہیں اور میں اُن کا استقبال کرنے کے لیے آیا ہوں‘۔

انہوں نے بتایا کہ ’میرا جواب سُن کر وہ شخص حیران ہوا کہ اتنا بڑا شخص جاوید کے استقبال کیلیے آیا ہے، پھر اُس کے تاثرات تبدیل ہوئے اور آواز میں مایوسی والی آواز میں کہا واقعی آپ جاوید اختر صاحب کو لینے کے لیے آئے ہیں‘۔

جاوید اختر نے بتایا کہ ’میں نے اُسے جواب دیا کہ میں ہمیشہ جاوید اختر کا استقبال کرنے کے لیے ایئرپورٹ آتا ہوں، یہ سُن کر اُس نے اجازت مانگی اور کہا کہ ’اچھا گلزار صاحب چلتا ہوں‘۔

نامور مصنف نے جب اسٹیچ پر یہ واقعہ سنایا تو وہاں موجود شرکا ہنس ہنس کر لوٹ پوٹ ہوگئے، تقریب میں گلزار صاحب بھی موجود تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔