سدھارتھ ملہوترا کو’مشن مجنوں‘ میں مسلمان روپ دھارنے پر ٹرولنگ کا سامنا

ویب ڈیسک  جمعرات 12 جنوری 2023
 فلم مشن مجنوں 20 جنوری کو آن لائن سٹریمنگ پلیٹ فارم نیٹ فلکس پر ریلیز کی جائے گی(فوٹو: اسکرین شاٹ)

فلم مشن مجنوں 20 جنوری کو آن لائن سٹریمنگ پلیٹ فارم نیٹ فلکس پر ریلیز کی جائے گی(فوٹو: اسکرین شاٹ)

ممبئی: بالی ووڈ کے اداکار سدھارتھ ملہوترا کی فلم ’مشن مجنوں‘ کا ٹریلر ریلیز ہونے کے بعد اداکار کو شدید ٹرولنگ کا سامنا ہے۔

سدھارتھ ملہوترا نے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر اپنی نئی فلم ’مشن مجنوں‘ کا ٹریلر شیئر کیا ہے جس میں وہ ایک بھارتی ایجنٹ کا کردار ادا کر رہے ہیں جو پاکستان میں ایک مسلمان کا بھیس بدل کر جاسوسی کر رہا ہے۔

مشن مجنوں ایک  بھارتی  ایجنسی کے ایسے مشن کی کہانی ہے جس میں وہ اپنے ایجنٹ یعنی سدھارتھ ملہوترا کے ذریعے پاکستان کو نیوکلیئر بم بنانے سے روکتے ہیں۔تاہم وہ ایک پاکستانی لڑکی کی محبت میں گرفتار ہو جاتے ہیں جس کے بعد ان کا مشن مشکلات کا شکار ہو جاتا ہے۔


فلم میں سدھارتھ ملہوترا نے بھی روایتی بالی ووڈ فلموں کی طرح شلوار قمیض ٹوپی اور رومال پہن کر آنکھوں میں سرمہ اور گلے میں تعویز پہن کر خود کو مسلمان دکھانے کی کوشش کی ہے جس پر پاکستانی صارفین سدھارتھ کے روپ پر خوب طنز ومزاح کرتے نظر آرہے ہیں۔

سوشل میڈیا پر پاکستانی صارفین کا کہنا ہے کہ انڈیا والوں کو لگتا ہے کہ ہم ہر وقت یہی کپڑے پہنتے ہیں۔

ایک صارف نے کہا کہ ’میرا ایک سوال ہے، آپ کو لگتا ہے کہ بھارتی ایجنٹ پاکستان میں آداب کہے گا اور آسانی سے چلا جائے گا؟‘

ایک ٹوئٹر صارف نے شاہین شاہ آفریدی کی مسکرانے کی میم شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ’مشن مجنوں فیل ہو گیا، پاکستان نیوکلیئر ریاست بن گیا۔

ایک اور صارف نے طنزیہ انداز میں لکھا کہ ’ہماری تو اُردو کی ٹیچر بھی آداب نہیں کہتی ہیں، کیا انڈین مسلمان ایک دوسرے سے ایسے ملتے ہیں؟‘

یاد رہے کہ سدھارتھ ملہوترا اور رشمیکا کی فلم مشن مجنوں 20 جنوری کو آن لائن سٹریمنگ پلیٹ فارم نیٹ فلکس پر ریلیز کی جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔