نواز شریف اس لیے نہیں آرہے کیونکہ انہیں ناکامی نظر آرہی ہے، پرویز الہی

ویب ڈیسک  اتوار 15 جنوری 2023
فوٹو : فائل

فوٹو : فائل

 لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہی نے کہا ہے کہ ہم نے اعتماد کا ووٹ لے لیا ہے اب انہیں اعتماد کا ووٹ لینا پڑے گا، ن لیگ بہت نیچے چلی گئی ہے نواز شریف اس لیے واپس نہیں آرہا کیونکہ اسے ناکامی نظر آرہی ہے۔

وزیراعلی پنجاب پرویز الٰہی نے خاتم النبیین یونیورسٹی کا افتتاح پر میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ آج یونیورسٹی کا افتتاح کیا ہے، اللہ کا شکر ہے کہ یہ وعدہ تھا جو کہ عمرے پر اور روزہ رسولؐ پر کیا تھا، یونیورسٹی کا منصوبہ ڈیڑھ ارب روپے کا ہے، میں نے سیرت اکیڈمی 2004ء میں شروع کی تھی۔

انہوں ںے کہا کہ ہم نے سود کے خلاف کام کیا، نکاح نامے پر بھی پہلی بار حلف دیا جائے گا کہ خاتم النبییؐن پر جو ایمان رکھتا ہو وہ دلہا اور دلہن کے لیے لازمی ہوگا، ہم نے پہلی سے پانچویں تک ناظرہ اور بارہویں تک ترجمہ قرآن لازمی قرار دیا۔

چوہدری پرویز الہی نے کہا کہ کل عمران خان نے ٹھیک کہا کہ شہباز شریف کا بندوبست کروں گا، ہم نے اعتماد کا ووٹ لے لیا ہے اب انہیں اعتماد کا ووٹ لینا پڑے گا، مسلم لیگ (ن) مکمل طور پر ایکسپوز ہوچکی ہے، اب پی ڈی ایم میں ایسے پھوٹ پڑے گی کہ یہ اٹھنے کے قابل نہیں رہیں گے۔

انہوں ںے نواز شریف کی فوری واپسی نہ ہونے کے بیانات پر کہا کہ نواز شریف اس لیے نہیں آرہا کیونکہ اسے ناکامی نظر آرہی ہے، ن لیگ بہت نیچے چلی گئی ہے، یہ الیکشن میں بھی منہ چھپاتے پھریں گے، اسحاق ڈار کہتا تھا میں ڈالر نیچے لے آؤں گا، یہ بری طرح ناکام ہوا، اب شہباز شریف کسی غیبی مدد کا انتظار کر رہا ہے۔

پرویزالہٰی نے کہا کہ عمران خان ملک کیلیے جذبہ رکھتے ہیں، کسی کو تو کھڑا ہونا تھا، عمران خان قوم کی امید ہے کسی کو تو ملک کو ٹھیک کرنا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔