اسلامی بینکاری کودوسال میں 35 فیصد توسیع دی جائیگی، سیما کامل

اسٹاف رپورٹر  بدھ 18 جنوری 2023
حبیب میٹروبینک کا ہدف 1 سال میں اسلامی بینکاری کو 40 فیصدتک لانا ہے، محمدعلی حبیب۔ فوٹو: فائل

حبیب میٹروبینک کا ہدف 1 سال میں اسلامی بینکاری کو 40 فیصدتک لانا ہے، محمدعلی حبیب۔ فوٹو: فائل

کراچی: ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک سیماکامل نے کہا ہے کہ ملک میں اسلامی بینکاری کو آئندہ دو سال میں 35 فیصد تک توسیع دینے کا ہدف رکھا گیا ہے۔

ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک سیماکامل نے منگل کے روز حبیب میٹروپولیٹن بینک کے تحت اسلامی بینکاری اور اقتصادی ترقی کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب اور میڈیا ٹاک میں کہا کہ ملک میں اسلامی بینکاری کو آئندہ دو سال میں 35 فیصد تک توسیع دینے کا ہدف رکھا گیا ہے جب کہ فی الوقت 20 فیصد کمرشل بینک اسلامی بینکاری اختیار کرچکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے مرتب کردہ اسلامی بینکاری ماڈل پر کام کررہا ہے۔ ایک نجی بینک مکمل اسلامی بینک بن گیا ہے اور جو بھی بینک اپنی100، 200 یا 300 برانچوں کو اسلامک بنانا چاہے گا، اسٹیٹ بینک انہیں یہ سہولت فراہم کریگا۔

سیما کامل نے کہاکہ لوگوں میں اسلامی بینکاری سے متعلق آگاہی اور بینکنگ اسٹاف کی تربیت کے علاوہ شریعہ اسکالرز کی بھی ضرورت ہے۔لوگوں کی اسلامک بینکنگ میں دلچسپی میں اضافہ ہورہا ہے اور ان کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کے لیے اسلامک بینکنگ کو توسیع دی جارہی ہے۔ اسلامک بینکنگ سے زیادہ سے زیادہ لوگ فنانسنگ کی سہولت حاصل کرسکیں گے۔

حبیب میٹروپولیٹن بینک کے چئیرمین محمدعلی آر حبیب نے کہا کہ مقامی بینکنگ انڈسٹری اسلامی بینکاری کی جانب راغب ہورہی ہے۔ حبیب میٹروپولیٹن بینک کا ایک سال میں اسلامی بینکاری 20 سے بڑھا کر 40 فیصد تک لانے کا ہدف ہے۔

حبیب میٹرو پولیٹن بینک کے صدر محسن علی ناتھانی نے کہا کہ بینک نے 2023ء میں اسلامی بینکاری کا توسیعی پلان ترتیب دیا ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔