امریکا سے کچھ اختلافات لیکن روس کیساتھ تعلقات اچھے ہیں سعودی عرب

ایران کے ساتھ ایشوز کے حل کے لیے بات چیت کر رہے ہیں، سعودی وزیر خارجہ


ویب ڈیسک February 19, 2023
سعودی وزیر خارجہ نے میونخ سیکیورٹی کانفرنس میں اہم خطاب کیا؛ فوٹو: فائل

سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے جرمنی میں منعقدہ سیکیورٹی کانفرنس سے اہم خطاب میں امریکا، روس اور ایران کے ساتھ تعلقات پر تحفظات، خدشات اور امکانات پر سیر حاصل گفتگو کی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق میونخ سیکیورٹی کانفرنس میں مشرق وسطیٰ سے متعلق سیشن میں تقریری کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کے ساتھ بعض امور پر اختلافات ہیں جو کسی سے پوشیدہ نہیں۔

فیصل بن فرحان کا مزید کہنا تھا کہ امریکا کے ساتھ تعلقات میں قومی مفادات کو مدنظر رکھتے ہیں۔ اختلافات کے باوجود خطے کے امن کے لیے امریکا کے ساتھ مل کر کام کرنے کے خواہش مند ہیں۔

سعودی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ پیٹرول کی بڑھتی ہوئی قیمتوں سے آگاہ ہیں۔ اس کی ایک وجہ یوکرین جنگ بھی ہے۔ تیل کی عالمی منڈیوں میں استحکام کے لیے سنجیدگی سے کام کر رہے ہیں۔

فیصل بن فرحان نے مزید کہا کہ روس سے اچھے تعلقات پر کسی کو فکر مند ہونے کی ضرورت نہیں۔ امریکا کی طرح روس سے بھی ہمارے اچھے تعلقات سب کے لیے سود مند ثابت ہوں گے۔

روس اور یوکرین جنگ کے حوالے سے سعودی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ جنگ کسی بھی مسئلے کا حل نہیں۔ خلیج تعاون کونسل یوکرینی بحران کا مذاکرات سے حل چاہتی ہے۔

سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان نے مشرق وسطیٰ میں ایران کے کردار پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے ساتھ تعلقات پر ہمارا مؤقف واضح ہے۔ دہشت گردی یا اس کی معاونت کی کسی کو اجازت نہیں دی جاسکتی۔ ایران کے ساتھ ایشوز کے حل کے لیے بات چیت کر رہے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں