لاہور میں ٹی ایل پی نے دکانیں زبردستی بند کرادیں

یہ لوگ دینی نعرے لگا رہے ہیں اور دکانیں کو زبردستی بند کرا رہے ہیں، یہ کیا طریقہ ہے؟ تاجر


ویب ڈیسک February 27, 2023
لاہور کے ایک بازار کا منظر (فوٹو : ایکسپریس)

تحریک لبیک کی ڈنڈا بردار فورس نے تاجروں کے انکار پر لاہور میں کشمیر بلاک، کراچی بلاک، اعظم مارکیٹ اور دیگر بازاروں کو زبردستی بند کرادیا، تاجروں کا کہنا ہے کہ یہ لوگ دینی نعرے لگاتے ہوئے کسی پر بھی چڑھائی کردیتے ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ٹی ایل کی جانب سے آج مہنگائی کے خلاف ہڑتال کا اعلان کیا گیا ہے۔ تاجروں نے ٹی ایل پی پر زبردستی دکانیں بند کرانے کا الزام عائد کیا ہے۔

تاجروں کا کہنا ہے کہ ٹی ایل پی کی ڈنڈا بردار فورس نے کشمیر بلاک، کراچی بلاک، اعظم مارکیٹ، نیو عالمگیر مارکیٹ شاہ عالم اور اطراف کو زبردستی بند کرادیا، یہ لوگ دینی نعرے لگا رہے ہیں اور دکانیں کو زبردستی بند کرا رہے ہیں۔

صدر انجمن تاجران لاہور مجاہد مقصود بٹ اور صدر اعظم کلاتھ مارکیٹ کشمیر بلاک ملک زمان نے بتایا کہ تحریک لبیک کے کارکنان 50 موٹر سائیکلوں پر ٹولیوں کی شکل میں مارکیٹوں میں گھوم رہے ہیں، بند روڈ نیازی اڈہ، شیزان فیکٹری کے اطراف بھی دکانیں بند کرادیں۔

اطلاعات ہیں کہ بند روڈ کے قریب شہر کی سب سے بڑی فرنیچر مارکیٹ کے تاجران بھی پریشان ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ لوگ دینی نعرے کو جواز بنا کر کسی پر بھی چڑھائی کردیتے ہیں، نہ ان کے خلاف ہیں نہ حق میں، ایسے حالات میں فرنیچر مارکیٹ بند کردیں گے۔

اسی طرح اچھرہ بازار میں تحریک لبیک کے جتھے نے دکانیں بند کرادیں۔ تحریک لبیک کے کارکنان کا جتھا ہال روڈ بھی پہنچ گیا۔ تحریک لبیک کے کارکنان نے ہال روڈ کا داخلی راستہ بند کردیا۔ تحریک لبیک زبردستی شہر میں ہڑتال کروانے پر تل گئی، پیپر مارکیٹ گنپت روڈ بھی تحریک لبیک کے کارکنان نے بند کرادیے۔

اسی تناظر میں ہال روڈ پر دکان داروں کی بڑی تعداد دکانوں کے باہر موجود ہے، ہال روڈ کے تاجران دکانیں کھولنے کے منتظر ہیں۔ تاجروں نے انتظامیہ اور پولیس سے تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاہم تحریک لبیک ایم کیو ایم کی طرز پر شہر میں زبردستی ہڑتال کرانے پر تل گئی ہے۔

تاحال پولیس اور تحریک لبیک کے کارکنان کے مابین آنکھ مچولی جاری، تحریک لبیک مارکیٹیں زبردستی بند کرانے اور پولیس کھلوانے میں مگن ہے، پولیس اردو بازار میں پہنچی اور تحریک لبیک کی جانب سے بند کرائی گئی دکانیں کھلوادیں۔

اردو بازار کے تاجروں نے بتایا کہ 20 سے 25 موٹر سائیکل سواروں کا گروپ دکانیں بند کرارہا ہے، ٹی ایل پی نے شاہ عالم مارکیٹ میں زور زبردستی کرکے کھلی مارکیٹ کو بند کروا دیا، پولیس کی موجودگی کے باوجود تاجر برادری بے بس ہوگئی جب کہ کارکنان کی جانب سے تاجروں کو دکانیں کھولنے پر دھمکیاں مل رہی ہیں۔

صدر انجمن تاجران مجاہد مقصود بٹ نے انتظامیہ سے تحفظ کی اپیل کردی اور کہا کہ چند عناصر کھلے عام ٹیکس پیڈ تاجروں کو ڈرا دھمکا رہے ہیں، پولیس تاجروں کو کاروبار کرنے میں مدد فراہم کرے۔

اطلاعات ہیں کہ سرکلر روڈ مارکیٹس، اکبری منڈی، انارکلی بازار کو بھی زبردستی بند کروا دیا گیا۔ تاجروں نے بتایا کہ آج صبح سے ہی پورے لاہور میں خوف و ہراس پھیلا دیا گیا، دس سے بیس موٹر سائیکل سوار بازاروں میں دندناتے پھر رہے ہیں، ایس ایچ او انارکلی سے متعدد بار رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ وہ شاہ عالم میں اپنی ٹیم کے ساتھ ڈیوٹی دے رہے ہیں، یعنی ہمارا کوئی پرسان حال نہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں