اسکواش فیڈریشن ہی کھیل کی زبوں حالی کی اصل وجہ ہے جہانگیر خان

پاکستان اسکواش فیڈریشن ملک میں کھیل کے گرتے ہوئے معیار کو بہتر بنانے میں کردار ادا کرنے میں ناکام رہی ہے، جہانگیر خان


Sports Reporter February 28, 2023
(فوٹو: فائل)

اسکواش کے سابق عالمی چیمپئن جہانگیر خان نے پاکستان اسکواش فیڈریشن کو ملک میں کھیل کی زبوں حالی کا سبب قرار دے دیا۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے چھ مرتبہ عالمی ٹائٹل جیتنے والے جہانگیر خان نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان اسکواش فیڈریشن ملک میں کھیل کے گرتے ہوئے معیار کو بہتر بنانے میں اپنا کردار ادا کرنے میں ناکام رہی ہے۔ پی ایس ایف کی باگ ڈور ایسے ہاتھوں میں چلی گئی ہے جن کو اسکواش سے متعلق علم ہی نہیں۔

انہوں نے کہا کہ قومی فیڈریشن کوغیر پیشہ ورانہ طریقہ سے چلایا جارہا ہے جس کی وجہ سے اسکواش کا کھیل پستی اور زوال کا شکار ہے۔عالمی سطح پر اسکواش میں کھوئے ہوئے مقام کو حاصل کرنے کے لیے بنیادی سطح پر اقدامات نا گزیر ہیں۔ضرورت اس امر کی ہے کہ مقاصد کے حصول کےلیے قومی اسکواش فیڈریشن کی سمت درست کی جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ فیڈریشن کو پروفیشنل انداز میں کام کرنا چاہیئے۔ 30 دفعہ عالمی اعزاز پانے والے ملک کا ایشین جونیئر ایونٹ بھی نہ جیتنا سوالیہ نشان ہے۔

ریکارڈ 10مرتبہ برٹش اوپن اسکواش چیمپئن شپ کے فاتح جہانگیرخان نے مزید کہا کہ ڈیپارٹمنٹل اسپورٹس کی بحالی سے ملک میں کھیلوں کو تقویت اور کھلاڑیوں کو معاشی آسودگی حاصل ہوگی۔ بہتر نتائج کے لیے کھلاڑیوں کو سخت محنت کرنا ہوگی جبکہ ان کو سہولیات فراہمی انتہائی ضروری ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں