ہلکا ترین پینٹ مسافرطیارے کے لیے صرف ڈیڑھ کلو ہی کافی

بوئنگ 747 کے لیے 454 کلوگرام روغن درکار ہوتا ہے لیکن پلازمونک پینٹ کی ڈیڑھ کلو مقدار ہی اس کام کے لیےبہت ہے


ویب ڈیسک April 03, 2023
دھاتی تتلیوں پر پلازمونک پینٹ پھیر کر مختلف رنگ ظاہر کئے گئے ہیں۔ فوٹو: بشکریہ جامعہ فلوریڈا

سائنسدانوں نے دنیا کا ہلکا ترین پینٹ بنایا ہے جو نینوذرات پر مشتمل ہے۔ اسے کسی بھی دھات پرآسانی سے چسپاں کیا جاسکتا ہے اور پورا بوئنگ 747 طیارہ اس کی تین پونڈ مقدار سے رنگا جاسکتا ہے بصورتِ دیگر اسی کام کے لیے 1000 پونڈ کا روایتی پینٹ درکار ہوتا ہے۔

اس پینٹ کی تیاری بہت آسان ہے جو حرارت کو بھی دوربھگاتا ہےاور کسی بھی رنگ میں ڈھل کر سینکڑوں برس اپنی چمک برقرار رکھتا ہے۔ تاہم اس کی سب سے بڑی خاصیت یہ ہے کہ یہ دنیا کا ہلکا ترین روغن ہے۔ نینوذرات پر مشتمل اس پینٹ کو 'پلازمونک روغن' کا نام دیا گیا ہے۔

اس کے استعمال سے ایک جانب تو طیاروں کو ہلکا پھلکا رکھنے میں مدد ملے گی تو دوسری جانب ماحول پر اس کےبہترین اثرات مرتب ہوں گے۔ سائنسدانوں کے مطابق اس پینٹ کی تیاری میں مضرکیمیکل اور گرین ہاؤس گیسوں کا اخراج بھی بہت کم ہوتا ہے۔

جامعہ سینٹرل فلوریڈا کےنینوسائنسداں، دیباشِش چندا اور ان کے ساتھیوں نے اسے تیارکیاہے۔ تجربہ گاہ میں آزمائش کے دوران معلوم ہوا کہ پینٹ پھیرنے سے سطح کا درجہ حرارت 13 تا 16 درجے سینٹی گریڈ تک کم ہوجاتا ہے جو ایک بہت امید افزا پیشرفت بھی ہے۔ اسے عام روغن میں ملاکر ایئرکنڈیشنر کا خرچ کم کیا جاسکتا ہے جو اب بھی ماحول دشمن بنا ہوا ہے۔

پلازمونک پینٹ میں نینوذرات بالکل بے رنگ ہیں تاہم یہ روشنی جذب کرکے اپنا رنگ ظاہر کرتے ہیں اور صرف اس میں نیا رنگ ملانے کی ضرورت پیش آتی ہے۔ ماہرین نے تتلیوں کو دیکھ کر عین وہی طریقہ اختیار کیا ہے جو ہمیں ایک ماحول دوست تحفے کی صورت میں ملا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں