انوشکا شرما کا کیریئر مکمل تباہ کرنا چاہتا تھا کرن جوہر کی ویڈیو وائرل
ویڈیو میں کرن جوہر کو انوشکا کا کیریئر تباہ کرنے کا انکشاف کرتے دیکھا جا سکتا ہے
سوشل میڈیا پر بالی ووڈ کے مشہور ہدایتکار اور پروڈیوسر کرن جوہر کی ایک ویڈیو وائرل ہو رہی جس کی وجہ سے انہیں شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق مشہور فلم ایڈیٹر اپوروا نے ٹوئٹر پر کرن جوہر اور انوشکا شرما کے ایک پُرانے انٹرویو کی ویڈیو شیئر کی ہے جس میں کرن جوہر کو کہتے سُنا جا سکتا ہے کہ وہ انوشکا کا کیرئیر مکمل تباہ کرنا چاہتے تھے۔
ویڈیو میں کرن کہتے ہیں کہ جب فلم رب نے بنا دی جوڑی کیلئے ادتیا چوپڑا نے مجھے انوشکا کی تصویر دکھائی تو میں نے کہا کہ کیا تم پاگل ہوگئے ہو اسے کاسٹ کرو گے اسے مت کرنا کاسٹ۔
کرن جوہر کو کہتے سُنا جا سکتا ہے کہ انہوں نے جب رب نے بنا دی جوڑی کے بعد انوشکا کی فلم بینڈ باجا بارات دیکھی تو وہ انوشکا کو فون کر کے ان کی تعریف کرنے اور ان سے معافی مانگنے پر مجبور ہوگئے کیونکہ انہوں نے ایسی بہترین اور ٹیلنٹڈ اداکارہ کے کیرئیر کو ختم کرنا چاہا تھا۔
اس موقع پر انوشکا بھی کرن جوہر کے ساتھ موجود ہیں اور ہنستی ہوئی دکھائی دے رہی ہیں تاہم سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے اس ویڈیو کے منظرِ عام پر آنے کے بعد کرن جوہر پر کڑی تنقید کی جارہی ہے۔
فلم ساز ویوک اگنی ہوتری نے بھی اس ویڈیو کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے کرن جوہر کو آڑے ہاتھوں لے لیا انہوں نے لکھا کہ 'کیریئر بنانا اور ختم کرنا کسی کا مشغلہ ہے۔ اگر بالی ووڈ گٹر میں ہے تو اس کی وجہ باصلاحیت آؤٹسائیڈرز کے خلاف چند لوگوں کی گندی سیاست ہے۔'
یاد رہے کہ حال ہی میں پریانکا چوپڑا نے بھی اپنے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ انہیں بالی ووڈ میں اس حد تک کونے میں دھکیلا گیا کہ وہ ہالی ووڈ میں قسمت آزمانے پر مجبور ہوگئیں کیونکہ انہیں بالی ووڈ میں کام نہیں مل رہا تھا۔
پریانکا چوپڑا کے اس بیان پر اداکارہ کنگنا رناوت نے بھی پریانکا کی حمایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ کرن جوہر نے پریانکا چوپڑا کی بالی ووڈ میں پابندی لگا رکھی تھی۔