نظامِ شمسی کے ساتویں سیارے یورینس کی تفصیلی تصویر جاری
تصویر میں برف کے سیارے کے گرد موجود چمکتے چھلّوں اور اس کے 27 چاندوں کو دیکھا جاسکتا ہے
ناسا کی جیمز ویب اسپیس ٹیلی اسکوپ نے نظامِ شمسی کے ساتویں سیارے یورینس کی تفصیلی تصویر جاری کردی۔ تصویر میں برف کے سیارے کے گرد موجود چمکتے چھلّوں اور اس کے 27 چاندوں کو دیکھا جاسکتا ہے۔
10 ارب ڈالرز کی لاگت سے بنائی گئی ٹیلی اسکوپ کی اس نئی تصویر میں سیارے کے 13 چھلوں میں سے 11 کو دیکھا جاسکتا ہے۔ یہ چھلے اتنے چمکدار ہیں کہ ان روشن دائرے کی صورت دِکھتے ہیں۔
جیمز ویب اسپیس ٹیلی اسکوپ نے سیارے کے دو دھندلے ترین غبار پر مشتمل چھلوں کو بھی عکس بند کیا ہے جن کو 1986 میں وائجر 2 نے قریب سے گزرتے وقت دریافت کیا تھا۔یورینس کے گرد یہ چھلے دیگر سیاروں کے گرد موجود چھلوں کی نسبت پتلے، تنگ اور تاریک ہیں ۔
ٹیلی اسکوپ نے یورینس کے 27 معلوم چاندوں کو بھی عکس بند کیا۔ ان چاندوں میں اکثر اتنے چھوٹے ہیں کہ تصویر میں واضح نہیں دیکھے جاسکتے جبکہ چھ روشن چاندوں کی نشاندہی صرف 12 منٹ کے ایکسپوژر میں کی گئی۔
تصویر کے لیے استعمال کیے گئے نیئر انفرا ریڈ کیمرا(الیکٹرومیگنیٹک اسپیکٹرم میں قابلِ دید روشنی سے زیادہ فریکوئنسی والی روشنی کو عکس بند کرتا ہے) نے نئی تصویر میں دور دراز موجود کہکشاؤں کو بھی واضح عکس بند کیا ہے۔