کچلاک میں دہشتگردوں کا گھات لگا کر اے ٹی ایف ٹیم پر حملہ 4اہلکار شہید
حملے میں ایک دہشت گرد کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے، پولیس
کچلاک میں چھاپے کے دوران دہشت گردوں نے گھر کے اندر گھس کر گھات لگا کر اے ٹی ایف کی ٹیم پر حملہ کر دیا جس میں 4اہلکار شہید ہوگئے۔
پولیس تھانہ کچلاک کے مطابق حملے میں ایک دہشت گرد کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔
دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں انسداد دہشت گردی فورس کے جوان بھی حصہ لے رہے تھے۔ آپریشن مکمل کرکے علاقے میں سرچنگ اور سوئپنگ کا عمل جاری ہے۔
شہداء میں علی اکبر، فیض محمد، محمد جاوید اور چنگیز خان شامل ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے کچلاک میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں چار پولیس اہلکاروں کے شہید ہونے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انکا کہنا تھا کہ دہشت گردوں سے مقابلے کے دوران شہید ہونے والے اہلکاروں نے جرات و بہادری کی مثال قائم کی۔
عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جانوں کا نذرانہ دینے والے قوم کے ہیرو ہیں۔ دہشت گردی کا مکمل خاتمہ قوم اور حکومت کا مشترکہ عزم ہے، سیکیورٹی فورسز عزم و استقلال کے ساتھ دہشت گردی کی عفریت کا مقابلہ کر رہی ہیں۔
دہشتگردوں کے خلاف آپریشن میں شہید 4 پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ بھی ادا کر دی گئی۔ نماز جنازہ میں آئی جی پولیس، آئی جی ایف سی اور کور کمانڈر 12 کور و دیگر افسران نے شرکت کی۔