کراچی پولیس نے کالعدم تنظیم کے 2 دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا
دہشتگردوں کا 26 اپریل کو خودکش بمبار خاتون شاری بلوچ کی برسی پر چینی باشندوں کو نشانہ بنانے کا منصوبہ تھا
ڈسٹرکٹ ملیر پولیس نے شاہ لطیف تھانے کی پولیس موبائل پر حملے میں ملوث کالعدم بلوچ لبریشن فیڈریشن کے 2 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ایس ایس پی ملیر حسن سردار نیازی نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ گرفتار دہشت گرد لیاری بلوچ محلہ کے رہائشی ہیں جو گزشتہ 8 ماہ سے کالعدم بی ایل ایف کے کمانڈر علی حسن سانگی کے لیے کام کر رہے تھے۔ کالعدم تنظیم بی ایل ایف کے کمانڈر نے گرفتار دہشت گردوں کو 5 دستی بم اور 80 ہزار روپے فراہم کیے تھے جس میں سے پولیس نے 4 دستی بم اور اسلحہ برآمد کرلیا ہے۔
ایس ایس پی نے انکشاف کیا کہ گرفتار دہشت گرد چینی باشندوں کو نشانہ بنانا چاہتے تھے۔ 26 اپریل کو خودکش بمبار خاتون شاری بلوچ کی برسی پر دہشت گردی کا منصوبہ بنایا ہوا تھا۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ دہشت گردوں نے گزشتہ ماہ 29 مارچ کو شاہ لطیف تھانے کی پولیس موبائل کو نشانہ بنایا تھا جس کا مقدمہ درج کرنے کے بعد پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے متحرک ہوگئے اور کئی روز کی سخت جدوجہد کے بعد دہشت گردی میں ملوث کالعدم بی ایل ایف کے 2 دہشت گردوں مراد اور وارث کو گرفتار کرلیا۔ مزید یہ کہ دہشت گرد اگر آج گرفتار نہیں ہوتے تو وہ تربت فرار ہو جاتے۔