دبئی ڈیوٹی فری ڈرا میں خوش قسمت پاکستانی کے دس لاکھ ڈالرنکل آئے

عبدالاحد گذشتہ پانچ برس سے بحرین میں مقیم ہیں اور ایک ریسٹورنٹ چلارہے ہیں


ویب ڈیسک April 12, 2023
فوٹو: گلف نیوز

ڈیوٹی فری ڈرا میں خوش قسمت پاکستانی کے دس لاکھ ڈالرنکل آئے اور اس کی زندگی بدل گئی۔

عالمی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق دبئی ڈیوٹی فری ڈرا میں بحرین میں مقیم بیالیس سالہ پاکستانی عبدالاحد کے دس لاکھ ڈالر نکل آئے۔

عبدالاحد گذشتہ پانچ برس سے بحرین میں مقیم ہیں اور ایک ریسٹورنٹ چلارہے ہیں۔ انہوں نے ایک سال پہلے دبئی ڈیوٹی فری کے ٹکٹ خریدنے شروع کیے تھے۔ 3 اپریل کو انہوں نے دبئی ڈیوٹی فری کی ملینیئم ملینیئر سیریز 420 کا ٹکٹ نمبر 1890 آن لائن خریدا تھا جس نے انہیں مالدار کردیا۔

عبدالاحد کے مطابق ان کے وہم و گمان میں بھی نہیں تھا کہ اچانک انہیں ایک فون کال آئے گی اور ان کی زندگی بدل جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ دبئی ڈیوٹی فری سے فون کرکے جب بتایا گیا کہ ان کی دس لاکھ ڈالر کی لاٹری نکل آئی ہے تو خاصی دیر تک انہیں یقین نہیں آیا۔ انہوں نے زندگی بدل دینے کے لیے دبئی ڈیوٹی فری کا شکریہ ادا کیا۔

عبدالاحد دبئی ڈیوٹی فری ڈرا کے آغاز سے اب تک دس لاکھ ڈالر کا انعام جیتنے والے 24 ویں پاکستانی ہیں۔

عبدالاحد کے علاوہ 66 سالہ سعودی عرب کے شہری سلیم پر بھی قسمت کی دیوی مہربان ہوئی اور انہیں بیٹھے بٹھائے دولت مند بناگئی۔ دوسرے ڈرا میں دس لاکھ ڈالر کا انعام سعودی شہری کے ٹکٹ نمبر 3516 پر نکلا جو انہوں نے 27 مارچ کو آن لائن خریدا تھا۔

سلیم سات سال سے دبئی ڈیوٹی فری پروموشن کے ٹکٹ خرید رہے ہیں اور بالآخر وہ 419 ویں قرعہ اندازی میں دس لاکھ ڈالر جیتنے میں کامیاب ہوگئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں