جوبائیڈن نے پاکستانی نژاد شاہد احمد کو اہم ذمہ داری سونپ دی

جوبائیڈن نے شاہد احمد خان کو ایڈوائزی بورڈ کا رکن نامزد کردیا


ویب ڈیسک May 14, 2023
پاکستانی نژاد شاہد احمد خان کو امریکی صدر نے اپنی مشاورتی کمیٹی میں شامل کرلیا؛ فوٹو: فائل

امریکی صدر جوبائیڈن نے پاکستانی نژاد شاہد احمد خان کو صدر کی مشاورتی کمیٹی کا رکن برائے آرٹس نامزد کردیا۔

امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق صدر جوبائیڈن نے بورڈز اور کمیشنز میں نئی نامزدگیاں کی ہیں۔ جن میں ایڈوائزری کمیٹی کے رکن برائے آرٹس کے لیے قرعہ فال پاکستان سے تعلق رکھنے والے شاہد احمد خان کے نام نکلا ہے۔

شاہد احمد خان نے 2004 میں جان کیری کی صدارتی مہم کے لیے نیشنل فنانس کے شریک چیئرمین کے طور پر خدمات انجام دیں اور برسوں تک امریکا میں صدارتی، گورنری، سینیٹری، کانگریس، میئر اور عدالتی مہمات کے مشیر کے طور پر خدمات انجام دیتے رہے ہیں۔

علاوہ ازیں شاہد احمد خان نے جو بائیڈن کی صدارتی مہم میں جنوبی ایشیائی امریکن کمیونٹی کو متحرک اور شامل کرنے میں ایک اہم کردار ادا کیا تھا۔

وائٹ ہاؤس سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایشیائی اور مسلم دنیا پر خاص توجہ کے ساتھ بین الاقوامی معاملات میں شاہد احمد خان کی خدمات کو سراہتے ہوئے صدر جوبائیڈن نے انھیں اپنی مشاورتی کمیٹی میں شامل کر لیا ہے۔

وائٹ ہاؤس کے مطابق شاہد احمد خان کو گریٹر بوسٹن کے علاقے میساچوسٹس میں مقیم حکومت پاکستان نے بھی ستارۂ پاکستان سے نوازا ہے وہ ایک کمیونٹی لیڈر، سیاسی مشیر، اور بزنس مین ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ قابل فخر پاکستانی رکن ڈیموکریٹک سینیٹری مہم کمیٹی کے بورڈ آف ٹرسٹیز کے رکن کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں اور اس سے قبل ڈیموکریٹک نیشنل کمیٹی کے ایڈوائزری بورڈ میں بھی رہ چکے ہیں۔

وہ سابق اعزازی قونصلیٹ جنرل ٹریکونبوسٹن کنسلٹنگ کارپوریشن کے بانی ہیں، جہاں انہوں نے قابل تجدید توانائی، آئی ٹی اور صحت کی دیکھ بھال پر توجہ مرکوز کرنے والی کمپنیوں کو سروسز فراہم کیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں