سرکاری اور فوجی تنصیبات پر حملے پی ٹی آئی رہنماؤں کیخلاف کارروائی کی قرارداد منظور
مذکورہ سیاسی جماعت اور اس کے انتشاری رہنماؤں کے خلاف قانون کے مطابق سخت ترین کارروائی کی جائے، قرارداد کا متن
قومی اسمبلی نے ملک میں انتشار پھیلانے اور سرکاری اور فوجی تنصیبات پر حملوں پر پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف کارروائی کے لیے قرارداد منظور کرلی۔
قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت شروع ہوا۔ ایوان میں تحریک انصاف کی منحرف خاتون رکن اسمبلی وجیہہ قمر نے جناح ہاؤس، جی ایچ کیو اور دیگر سرکاری املاک پر حملوں کے خلاف مذمت اور پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف کارروائی کے لیے قرارداد پیش کی جسے منظور کرلیا گیا۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ ایوان حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ مذکورہ سیاسی جماعت اور اس کے انتشاری رہنماؤں کے خلاف قانون کے مطابق سخت ترین کارروائی کی جائے، ایوان مذکورہ سیاسی جماعت کی جانب سے دفاعی اداروں کے خلاف غداری اور دوسرے بے بنیاد الزامات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : قومی اسمبلی؛ چیف جسٹس کے خلاف ریفرنس کے لیے تحریک منظور
قرارداد میں کہا گیا کہ شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی کرنے پر حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اس طرح کے عناصر اور شر پسند رہنماؤں کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے، ایسے شرپسند عناصر کا مستقبل میں قلع قمع کرنے کے لیے قانون سازی کی جائے، ایوان اپنی بہادر اور جری افواج کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔