راولپنڈی میں دہشت گردی کا خطرہ ڈبل سواری پر پابندی اور دفعہ 144 نافذ
ہر قسم کے اجتماعات اور لائسنس یافتہ اسلحہ ساتھ لے کر چلنے پر بھی پابندی عائد
حساس اداروں کی جانب سے دہشت گردی کا خدشہ ظاہر کیے جانے کے بعد راولپنڈی میں دفعہ 144 نافذ اور موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق حساس اداروں کی جانب سے راولپنڈی میں دہشت گردی کا خدشہ ظاہر کیا گیا تھا جس کے بعد انتظامیہ نے اقدامات کرتے ہوئے شہر میں دفعہ 144 نافذ کردی ہے۔
ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ کے دستخطوں سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق شہر میں دفعہ 144 پندرہ روز کے لیے عائد کی گئی ہے، اس دوران شہر میں ہرقسم کے سیاسی و مذہبی اجتماع اور ہتھیاروں کی نمائش پر پابندی ہوگی۔
شہر میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔ خواتین ، بچوں اور آرمی کے اہلکاروں کو موٹرسائیکل کی ڈبل سواری کی پابندی سے استثنی حاصل ہوگا۔ علاوہ ازیں اذان کے علاوہ لاؤڈ اسپیکر کے استعمال پر بھی پابندی ہوگی۔