شادی کیلیے دکان پر ڈکیتی کروانے والا ملزم ساتھیوں سمیت گرفتار

ملزمان نے ملیر میں معروف بیکری پر واردات کے دوران 15 لاکھ روپے لوٹے تھے، ایس ایس پی انویسٹی گیشن


Staff Reporter May 17, 2023
فوٹو فائل

ملیر انویسٹی گیشن پولیس نے شادی کیلیے دکان پر ڈکیتی کروانے والے ملزم کو 3 ساتھیوں سمیت گرفتار کرلیا۔

ایس ایس پی انویسٹی گیشن ملیر کامران خان کے مطابق گزشتہ ماہ 2 اپریل کی صبح 10 بجے کے قریب ملیر سٹی تھانے کے حدود نیشنل ہائی وے پر قائم معروف بیکری و سوئٹس شاپ پر ڈاکوؤں کے 4 رکنی گروہ نے واردات میں 15 لاکھ روپے نقد لوٹے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ واقعے کا مقدمہ درج ہونے کے بعد ملیر سٹی انویسٹی گیشن پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج اور خفیہ ذرائع سے ملنے والی اطلاع پر واردات میں ملوث ملزم فیصل علی کو گرفتار کرلیا جس نے بتایا کہ اسکے دیگر ساتھیوں میں محمد اعظم (جو اسی دکان کا ملازم ہے)، نعمان اور نصیر شامل ہیں۔

ملزم فیصل نے پولیس کو بتایا کہ واردات کا منصوبہ دکان کے ملازم محمد اعظم نے بنایا تھا کیونکہ کیش کلیکشن کا وقت اسکو پتہ تھا اور اُسی کی فراہم کردہ معلومات پر واردات کا پلان بنایا گیا۔

ایس ایس پی کامران خان کا کہنا تھا کہ اعظم کی شادی ہونا تھی جس کا کارڈ چھپوا کر اس نے اپنے مالک کو بھی دیا اور وہ لوٹی گئی رقم سے ملنے والے حصے سے شادی کے اخراجات پورے کرنا چاہتا تھا۔

انویسٹی گیشن پولیس نے واردات میں لوٹی گئی نقدی، لوٹی گئی رقم سے خریدا گیا رکشا اور واردات میں استعمال کیا گیا اسلحہ برآمد کرلیا، پولیس گرفتار ملزمان سے مزید معلومات حاصل کر رہی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں