پیسوں کے عوض ٹِک ٹاک کی مسلسل اسکرالنگ کی نوکری
کمپنی 10 گھنٹوں تک ٹِک ٹاک دیکھنے کے لیے 100 ڈالر فی گھنٹہ کی حساب سے ادائیگی کرے گی
ایک انفلوئنسر مارکیٹنگ ایجنسی نے سوشل میڈیا صارفین کے لیے پیسوں کے عوض ٹِک ٹاک کی انتھک اسکرالنگ کی نوکری پیش کر دی ہے۔
انفلوئنسر مارکیٹنگ کی کمپینز کے تحت برانڈز کی تشہیر کرنے والی کمپنی یوبیکوئیٹس نے ٹِک ٹاک واچنگ جاب 2.0 کے لیے درخواستیں موصول کرنا شروع کردی ہیں۔
کمپنی کامیاب درخواست گزاروں کو لگاتا 10 گھنٹوں تک ٹِک ٹاک دیکھنے کے 100 ڈالر فی گھنٹہ کی حساب سے ادائیگی کرے گی تاکہ ویڈیو شیئرنگ ایپ پر ابھرنے والے نئے ٹرینڈز کو دریافت کیا جا سکے۔
درخواست میں امیدواروں کو یوبیکوئیٹس یوٹیوب چینل سبسکرائب کرنے کا کہا گیا ہے۔ درخواست گزار فارم میں 50-100 الفاظ پر مشتمل وجہ فراہم کرتے ہوئے بتائیں گے کہ انہیں یہ نوکری کیوں ملنی چاہیئے۔
تمام درخواست گزاروں کی عمر کم از کم 18 برس ہونی چاہیئے اور سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے متعلق معلومات ہونی چاہیئے۔ درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ 31 مئی 2023 ہے۔