غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے عوام کا جینا دوبھر، شہر شہر مظاہرے

کراچی واندرون سندھ بجلی کی آنکھ مچولی میں اضافہ، شارٹ فال 3800 میگاواٹ ہوگیا۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

کراچی واندرون سندھ بجلی کی آنکھ مچولی میں اضافہ، شارٹ فال 3800 میگاواٹ ہوگیا۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

اسلام آباد / لاہور / کراچی / سکھر: ملک کے میدانی علاقوں میں گرمی کی شدت میں اضافے کے باعث بجلی کا شارٹ فال 3800 میگاواٹ تک پہنچ گیا جس کے باعث بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ نے لوگوں کا جینا دو بھر کر دیا۔

لوڈشیڈنگ کے خلاف عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا اور عوام کے ساتھ ساتھ تاجر اور صنعتکار بھی بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خلاف شہر شہر ہونے والے احتجاجی مظاہروںمیں شریک ہوئے، مظاہرین نے بجلی کے بل نذرآتش کردیے۔ این ٹی ڈی سی ذرائع کے مطابق ملک بھرمیں بجلی کی طلب 14300 اور پیداوار 9500میگاواٹ ہے جس کے باعث بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں بھی اضافہ کیاجا رہاہے۔ ملک کے دیگر صوبوں کی طرح جڑواں شہروں میں بھی بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 8 سے 12گھنٹے اور دیہی علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 12 سے14 گھنٹے تک پہنچ چکا ہے۔

کراچی اور اندرون سندھ سمیت لاہوراور دیگر شہروں میں گرمی کی شدت میں اضافے کے باعث بجلی کی آنکھ مچولی میں بھی اضافہ ہوگیا۔ وزارت پانی و بجلی کی جانب سے اندرون سندھ اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا دعویٰ کیا گیا تھا لیکن غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے جب کہ سندھ سمیت پنجاب کے دیہی فیڈرز پر 18 گھنٹے بجلی بند ہو رہی ہے جس کے باعث پانی کی قلت پیدا ہو گئی۔ گوجرانوالہ ریجن میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 20 گھنٹے سے تجاوز کرگیا۔ جنوبی پنجاب کے شہروں میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 14 اور دیہات میں 18 گھنٹے ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔