نگراں وزیراعظم کی مزار قائد پر حاضری

کے ایم عباسی  منگل 22 اگست 2023
فوٹو: ایکسپریس

فوٹو: ایکسپریس

  کراچی: نگراں وزیراعظم نے منصب سنبھالنے کے بعد پہلی مرتبہ مزار قائد پر حاضری دی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے ہمیشہ اقلیتوں کے حقوق کی بات کی۔ نگراں حکومت اپنی آئینی ذمہ داری پوری کرے گی۔ شفاف اور منصفانہ انتخابات کیلئے ہر ممکن معاونت فراہم کریں گے۔ آئینی تقاضوں کے تناظر میں یہ حکومت محدود مدت کیلئے وجود میں آئی ہے۔

انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ انتخابی عمل میں معاونت اور نگرانی کیلئےاپنی تمام تر توانائیاں اور کردار ادا کریں گے اور کوشش ہو گی کہ اس عمل کو شفاف اور غیر جانبدارانہ انداز میں مکمل کیا جائے تاکہ تمام مکاتب فکر اور حلقوں کو یہ عمل قابل قبول ہو اور پاکستان میں آئینی اور قانونی طریقہ سے انتقال اقتدار کی تکمیل ہوسکے۔

اس موقع پر گورنر سندھ کامران ٹیسوری، نگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر اور نگراں وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی اور دیگر کابینہ اراکین بھی موجود تھے۔ قبل ازیں وزیراعظم نے بانی پاکستان کی قبر پر گلدستہ رکھا اور فاتحہ خوانی کی۔ انہوں نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کئے۔

نگراں وزیراعظم سے گورنر سندھ کامران ٹیسوری اور ایم کیو ایم پاکستان کے وفد نے بھی گورنر ہاؤس میں ملاقات کی۔ وفد میں ڈاکٹر فاروق ستار،امین الحق، خواجہ اظہار الحسن، جاوید حنیف ودیگر شامل تھے۔ ایم کیو ایم نے حلقہ بندیوں سے متعلق تحفظات سے نگراں وزیراعظم کو آگاہ کیا۔

گورنر سندھ نے نگراں وزیراعظم سے درخواست کی کہ شہر قائد کے انفرا اسٹرکچر کی بحالی پر خصوصی توجہ دی جائے۔ ملاقات کے دوران صوبہ سندھ میں وفاقی حکومت کے ترقیاتی منصوبوں اور عوام کو سہولیات کی فراہمی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔