پاکستان اور جنوبی افریقا کے مابین ون ڈے سیریز کا پہلا میچ کل ہوگا

اسپورٹس رپورٹر  جمعرات 7 ستمبر 2023
فوٹو: پی سی بی

فوٹو: پی سی بی

  کراچی: پاکستان اورجنوبی افریقا کی ویمن کرکٹ ٹیموں کے درمیان ون ڈے سیریز کل سے شروع ہوگی۔

تین میچوں پر مشتمل ڈے اینڈ نائٹ سیریز کا پہلا میچ کل جمعہ کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔ ٹاس سہ پہر 3 اور میچز کا آغاز ساڑھے تین بجے ہوگا۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ٹرافی کی رونمائی کردی گئی، اس موقع پر دونوں کپتانوں نے بلند عزائم ظاہر کیے۔ تین میچز پر مشتمل   سیریز آئی سی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کا حصہ ہے۔ سیریز کا دوسرا میچ 11 اور تیسرا 14 ستمبر کوکھیلا جائے گا۔

صدارتی  پروٹوکول  پانے والی دونوں ٹیموں نے جمعرات کو سخت ترین  سکیورٹی میں اپنے تیاریوں کو حتمی شکل دی۔ پاکستانی کپتان  ندا ڈار کا کہنا ہے کہ  وہ جمعہ کو اپنے 100 ویں میچ کو شاندار کارکردگی کے ساتھ یاد گار بنانے کی کوشش کریں گی۔

مزید پڑھیں: پاکستان ویمن ٹیم نے جنوبی افریقہ کیخلاف ٹی20 سیریز جیت لی

جنوبی افریقی ویمن ٹیم کی کپتان لاورا ولوارٹ نے کہا کہ  ٹی ٹوئنٹی سیریز کے تینوں میچز میں شکست کا داغ دھونے کی کوشش کریں گے، پاکستانی اسپنرز  سے نبٹنے کے لیے حکمت عملی بنائی ہے۔

دوسری  طرف 16 ویں کھلاڑی شوال ذوالفقار کو پاکستان کی  ون ڈے کیپ ملنے کا امکان ہے۔ آئی سی سی  انٹرنیشنل رینکنگ میں 10 ویں پوزیشن کی حامل پاکستان  ٹیم آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ میں نو میچز کھیل کر دس پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔

چیمپئن شپ میں  ہوم گراؤنڈ پرقبل ازیں پاکستان نے سری لنکا کو 1-2 اور اور آئرلینڈ کو 0-3 سے ہرایا تھا جبکہ آسٹریلیا میں اسے 0-3 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

دوسری جانب آئی سی رینکنگ میں تیسری اور چیمپئین شپ میں 9 ویں نمبر پر موجود مہمان ٹیم واحد سیریز میں آئر لینڈ کو 0-3 سے مات دے چکی ہے۔

دونوں ممالک کے درمیان اب تک کھیلے جانے والے 25 میں 19 میچز جنوبی افریقا اور4 میچز پاکستان نے جیتے ہیں جبکہ ایک میچ ٹائی اور ایک نامکمل رہا تھا۔

سیریز کے لیے قومی ویمن اسکواڈ ندا ڈار  ( کپتان )، عالیہ ریاض، بسمہ معروف،ڈیانا بیگ، فاطمہ ثنا، غلام فاطمہ، منیبہ علی،نشرہ سندھو، عمیمہ سہیل، شوال ذوالفقار، صدف شمس، سعدیہ اقبال، سدرہ امین، سدرہ نواز( وکٹ کیپر )ام ہانی اور وحیدہ اختر پر مشتمل ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔