اندرون سندھ ملیریا وبائی صورتحال اختیار کرنے لگا
محکمہ صحت، عالمی ادارہ صحت کے تعاون سے انسداد ملیریا مہم بھی چلا رہا ہے
اندرون سندھ ملیریا وبائی صورتحال اختیار کرنے لگا، حکومت کا مختلف اضلاع میں مچھردانیاں اور ملیریا کی دوا تقسیم کرنے کا فیصلہ۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق اندرون سندھ کے مختلف اضلاع لاڑکانہ، رتو ڈیرو، ٹھٹھہ، سجاول، قمبرشہدادکوٹ، تحصیل نصیرآباد سمیت مختلف علاقوں میں ملیریا کی شدت میں اضافہ ہورہا ہے۔
ملیریا کی صورتحال کے پیش نظر محکمہ صحت، عالمی ادارہ صحت کے تعاون سے انسداد ملیریا مہم بھی چلا رہا ہے، ضلع لاڑکانہ کی تحصیل رتو ڈیرو میں اسپرے مہم جاری ہے اور یہاں پانچ یونین کونسلوں میں ملیریا کی ادویات بھی تقسیم کی جارہی ہیں۔
ذرائع وزارت صحت کے مطابق ضلع قمبر ملیریا کے حوالے سے انتہائی حساس ہے اس لیے یہاں دوا لگی مچھردانیاں تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اسی طرح قمبر کی تحصیل نصیر آباد میں بھی ایک لاکھ مچھر دانیوں کی تقسیم جلد شروع ہوگی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ رتو ڈیرو کے مخصوص علاقوں کے 10 ہزار گھروں میں مچھر مار اسپرے بھی کیا جائے گا۔