بلیک مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن سے سونے کی قیمت 27 ہزار روپے کم ہوگئی

12 ستمبر کو فی تولہ سونے کے نرخ 2 لاکھ 15 ہزار روپے جبکہ دس گرام کی قیمت 1 لاکھ 84 ہزار 505 روپے تھی


Ehtisham Mufti October 05, 2023
فوٹو فائل

بلیک مافیا کے خلاف کاروائی کے بعد صرافہ بازار میں سونے کی قیمتوں زبردست کمی کا سلسلہ جاری ہے، جس کے بعد فی تولہ سونے کی قیمت 1 لاکھ 88 ہزار روپے جبکہ دس گرام کی قیمت 1 لاکھ 60 ہزار چار سو روپے پر پہنچ گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق سیکیورٹی اداروں اور متعلقہ محکموں کی جانب سے کرنسی اور سونا ذخیرہ کرنے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن شروع ہونے کے بعد سے اب تک سونے کی فی تولہ قیمت میں 27 ہزار روپے جبکہ دس گرام کی قیمت میں 24 ہزار 715 روپے کی بڑی کمی ہوچکی ہے۔

صرافہ مارکیٹ سے آخری ریٹ 12ستمبر کو جاری ہوئے تھے اور اس دن فی تولہ سونا 2 لاکھ 15 ہزار روپے تھا جبکہ اسی روز عالمی مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت 15 ڈالرز کم ہوئی تھی مگر سٹے بازوں نے سونے کی قیمت میں 5 ہزار 600 روپے کا اضافہ کیا تھا۔

صرافہ ایسوسی ایشن کے چیئرمین کے مطابق 12ستمبر کو دس گرام سونے کی قیمت 1لاکھ 84 ہزار 585روپے تھی جو اب 24 ہزار 715 روپے کم ہوکر 1 لاکھ 60 ہزار 400 روپے پر پہنچ گئی ہے۔

عالمی صرافہ بازار میں فی اونس سونا گزشتہ روز کے مقابلے میں 12 ڈالر سستا ہوکر 1814 ڈالر پر پہنچ گیا۔ تاہم بلین مارکیٹ سے آج بھی سونے کے ریٹ کا اجرا نہیں کیا گیا۔

آل پاکستان جیولرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین حاجی ہارون الرشید نے کہا ہے کہ پیر سے سونے کے ریٹ کا باقاعدہ اجراء کیا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔