پی ٹی آئی کے سابق ارکان اسمبلی ادریس خٹک اور خلیق الرحمان کی عبوری ضمانتیں منظور
ضمانتیں اے ٹی سی اور اینٹی کرپشن کورٹس نے منظور کی ہیں، عدالتوں نے کیس ریکارڈ طلب کرلیا
انسداد دہشت گردی اور اینٹی کرپشن عدالتوں نے پی ٹی آئی کے سابق ممبران ارکان اسمبلی ادریس خٹک اور خلیق الرحمان کی عبوری ضمانت کی درخواستیں منظور کرلیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پی ٹی آئی کے سابق ایم پی اے خلیق الرحمن اور ادریس خٹک کی عبوری ضمانت کی درخواستوں پر اے ٹی سی میں سماعت ہوئی۔ انسداد دہشت گردی عدالت نے سابق ممبران اسمبلی کی عبوری ضمانت منظور کرلی بعد ازاں اینٹی کرپشن عدالت نے بھی دونوں ایم پی ایز کی عبوری ضمانت منظور کرلی۔ عدالت نے 16 اکتوبر تک سابق ایم پی اے خلیق الرحمن اور ادریس خٹک کی عبوری ضمانت منظور کی ہے۔
وکیل درخواست گزار ملک سمیع اللہ ایڈووکیٹ نے کہا کہ دونوں ایم پی ایز کے خلاف مقدمات جھوٹ پر مبنی ہیں، درخواست گزاروں پر جو الزامات لگائے گئے ہیں ان میں کوئی صداقت نہیں ہے۔
شاہ فیصل الیاس ایڈووکیٹ نے کہا کہ اینٹی کرپشن نے انہیں کوئی نوٹس جاری نہیں کیا، درخواست گزاروں کو فیئر ٹرائل کا موقع نہیں دیا گیا، اے ٹی سی اور اینٹی کرپشن عدالت نے دونوں ایم پی ایز کی عبوری ضمانت 16 اکتوبر تک منظور کرلی، اے ٹی سی اور اینٹی کرپشن نے کیس ریکارڈ طلب کرلیا۔