علم ِفلکیات کی روشنی میں آپ کا یہ ہفتہ

9 تا 15 اکتوبر 2023


October 08, 2023
9 تا 15 اکتوبر 2023

برج حمل
سیارہ مریخ ، 21 مارچ تا20اپریل
یہ ہفتہ بہت اہم ہے۔ اسی میں سورج گرہن ہے، اسی میں زہرہ و قمر کا قران و مقابلۂ زحل اور اسی میں چاند عقرب میں مریخ سے قران ہونے جارہا ہے۔ چھوٹی چھوٹی باتیں بڑے واقعات کو جنم دے سکتی ہیں۔ ممکن ہے یہ چھوٹی نہ ہوں کیوںکہ ہر شخص کا سمجھنے کا الگ زاویہ ہے۔ شراکت داری اور ازدواجی سلسلہ اپنی خرابی کے انتہائی نقطے پر پہنچ سکتا ہے۔ آپ کے لیے خراب تعلق سے نکلنے کے سوا شاید کوئی اور راستہ نہ رہے اور آپ وہ قدم اٹھالیں جس کا اس سے پہلے حوصلہ کبھی نہ ہوسکا۔

برج ثور
سیارہ زہرہ ، 21اپریل تا 20 مئی
چاند و زہرہ آپ کے محبت کے خانے میں قران کرنے جارہے ہیں۔ یہاں محبت کی شمع روشن ہوسکتی ہے اور اس ہفتے کے اختتام پر انتہائی جذبات میں بھی تبدیل ہوسکتی ہے۔ اس کا دارومداد آپ کے ذاتی زائچے پر ہے، کیوںکہ عطارد کی اس حوالے سے ناموافق نشست کے باعث محبت میں فریب، جگ ہنسائی اور بدنامی کی صورت بھی پیدا ہوسکتی ہے۔ کاروبار میں اچانک کوئی نقصان ہوسکتا ہے۔

برج جوزا
سیارہ عطارد ، 21مئی تا 21 جون
سورج گرہن کے وقت آپ کا سیارہ عطارد آگ کی سمت بڑھ رہا ہے۔ بچوں کے حوالے سے کوئی الجھن، پریشانی یا فکرمندی لاحق ہوسکتی ہے۔ ممکن ہے محبوب سے وابستہ امیدیں پوری نہ ہوں یا تعلق میں بگاڑ پیدا ہوسکتا ہے۔ ایسے وقت میں کہ جب آپ بہت سی افواہوں سے متاثر ہورہے ہوں کوئی بزنس کا فیصلہ نہ کریں، سرمایہ کاری نہ کریں۔ مالی نقصان کا اندیشہ موجود ہے۔

برج سرطان
سیارہ قمر ، 22جون تا 23 جولائی
ماتحت یا ساتھ کام کرنے والوں کا رویہ اور اخلاقی تعاون آپ کو کئی امورِزندگی میں توانائی مہیا کرے گا۔ آپ کے گھر میں لگنے والا سورج گرہن آپ کی منصوبہ بندی اور ارادوں کی راہ میں حائل ہوسکتا ہے۔ صحت کے اچانک سے مسائل ہوسکتے ہیں۔ ضروری اور غیرضروری مد میں توقع سے زیادہ خرچہ یا نقصان ہوسکتا ہے۔ گاڑی کی خریدوفروخت میں بھی محتاط رہیں۔

برج اسد
سیارہ شمس ، 24جولائی تا 23 اگست
یہ سورج گرہن ایک تعلق کو خراب کرنے جارہا ہے اور ایک پرانا تعلق دوبارہ سے متحرک ہونے جارہا ہے۔ ہوسکتا ہے سفر میں اچانک کسی اجنبی سے ملاقات ہو اور آپ ایسا کوئی قدم اٹھالیں جو آپ کی عزت کو داغ لگا دے۔ یہ درست ہے کہ آپ کا اپنی ذات پر ایسے وقت میں قابو رکھنا ایک مشکل ترین کام ہوگا، لیکن آپ کے خون کا بہاؤ یا دباؤ زیادہ ہوسکتا ہے۔ یہ ہفتہ اپنے آخری ایام میں کسی تعلق کے لیے آخری ہچکی ہوسکتا ہے۔

برج سنبلہ
سیارہ عطارد ، 24 اگست تا 23 ستمبر
سورج گرہن آپ کے خانۂ مال میں لگ رہا ہے۔ ایسے میں مالی فائدہ ہوسکتا ہے لیکن ایسا بھی ممکن ہے ہوتے ہوتے رہ جائے یا مالی فائدہ ہوکے خرچ ہوجائے یا زیاں ہوجائے۔ آپ کی گفتگو اور لہجہ جارحانہ ہوسکتا ہے۔ یہ ہفتہ اپنی زبان کو روزہ رکھوانے کا ہے۔ ممکن ہے اس ہفتے کے آخری ایام میں سفر ہو اور کچھ پریشانی سے سامنا ہو، انتہائی محتاط رہیں۔

برج میزان
سیارہ زہرہ ، 24 ستمبر تا 23اکتوبر
کسی پرانے دوست یا مہربان یا ایسا شخص جو بڑے بھائی جیسا ہو، کا رویہ اور لہجہ آپ کے لیے مسائل لاسکتا ہے۔ آپ کے لیے عزت اور مالی حوالے سے مشکل وقت ہوسکتا ہے۔ چپ رہ کر یا درست انداز میں اور بروقت فیصلہ نہ لینے کی وجہ سے آپ خود کو اکیلا اور مشکل میں ڈال سکتے ہیں۔ کوشش کریں کہ کسی سے ہاتھاپائی نہ آنے پائے ہفتہ اور اتوار مالی فائدہ ہوسکتا ہے۔ اگرچہ کیریئر کے حوالے سے کچھ چیزیں آپ کو فکر مند رکھے ہیں۔

برج عقرب
سیارہ پلوٹو ، 24 اکتوبر تا 22 نومبر
آپ کا سیارہ (یعنی آپ کی قوت) ایک کم زور اور خراب جگہ سے اس ہفتے کے آخر تک نکل جائے گا۔ یعنی مریخ اپنے ہی برج عقرب میں آجائے گا، لیکن یہ ہفتہ آپ کے ازدواجی تعلق میں ایک بڑا اتار چڑھاو لاسکتا ہے۔ آپ کی زندگی میں اس وقت دو تعلق اہم ہیں مشتری ساتویں موجود ہے۔ ایک پرانا ایک نیا تعلق پرانے سے ماضی کے تجربات آپ کے لیے تکلیف دہ ہیں اور نیا آپ کے لیے ایک نئی صبح کی مانند ہے۔ یہ ہفتہ آپ کو حتمی فیصلے کے قریب کرسکتا ہے۔

برج قوس
سیارہ مشتری ، 23 نومبرتا 22 دسمبر
پرانے دوستوں کے ساتھ تعلق کی ڈوری سورج گرہن کی زد میں آکے جل سکتی ہے۔ تلخی اور فاصلے ہوسکتے ہیں۔ آپ کے کاروبار اور ملازمت کی الجھنیں اور آپ کی صحت یہ سب مل کر ایک ذہنی تناؤ دے سکتی ہیں۔ آپ کے کردار پر انگلی اٹھ سکتی ہے یا کردارکشی کی کوشش کی جاسکتی ہے۔ آپ سے کچھ غلطی ہوسکتی ہے۔ یہ دن آپ کو آپ کے وقار اور کیریئر کے سلسلے میں کسی بڑی الجھن اور مشکل میں ڈال سکتے ہیں۔

برج جدی
سیارہ زحل ، 23 دسمبر تا 20 جنوری
13،14،15 اکتوبر یہ ایام آپ کے کیریئر میں بڑی تبدیلی لاسکتے ہیں۔ آپ کے کیریئر کو بریک لگنے کا اندیشہ موجود ہے۔ آپ کے ماضی سے جُڑے کچھ واقعات اس لمحے منظرعام پر آسکتے ہیں اور آپ کی عزت شدید متاثر ہوسکتی ہے۔ آپ کے مخالفیں آپ کے سماجی قد کاٹھ پر وار کرسکتے ہیں۔ آپ شاید درست فیصلہ نہ کر سکیں کیوںکہ زندگی کچھ اذیتوں سے لازمی گزارتی ہے۔

برج دلو
سیارہ یورنیس ، 21 جنوری تا 19 فروری
بیرون ملک سفر کے حوالے سے اچانک کوئی خرابی ہوسکتی ہے۔ سفر میں گاڑی کو مسئلہ ہوسکتا ہے۔ بزرگ سخت ناراض ہوسکتے ہیں۔ آپ سے بزرگوں کی بے ادبی ہونے کا اندیشہ موجود ہے۔ یہ وقت استغفار اور صدقے کا ہے اور اپنا احتساب کریں۔ کچھ ایسا ہورہا ہے جو غلط ہے لیکن آپ اسے درست سمجھ رہے ہیں۔ بزرگوں کی عزت خراب کرنے کی وجہ آپ کی ذات نہ بنے، انتہائی محتاط رہنے کا مشورہ ہے۔ شریکِ حیات کو آپ سے ہرجائی پن کا گلہ ہوسکتا ہے۔

برج حوت
سیارہ نیپچون ، 20 فروری تا 20 مارچ
مالی نقصان سے بچ سکتے ہیں لیکن پھر بھی اندیشہ ہے کہ کوئی معاملہ آپ کے لیے پریشانی کا سبب بن جائے۔ صحت اچانک خراب ہوسکتی ہے۔ چھوٹی سی خرابی طویل اور بڑی خرابی کی سمت جاسکتی ہے۔ اولاد کے حوالے سے پریشانی ہوسکتی ہے۔آپ زیادہ سوچ بچار کرکے کوئی فیصلہ نہ کریں۔ بچوں کی اعلٰی تعلیم کے کوئی اہم فیصلہ کرسکیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں