شادمان ٹاؤن میں بینک ڈکیتی میں ڈاکو87 لاکھ روپے لوٹ کر فرار

ڈاکو کی تعداد 6 تھی، ڈکیٹ 20 سے 25 منٹ تک بینک میں موجود رہے، پولیس


ویب ڈیسک October 25, 2023
—فائل فوٹو

شادمان ٹاؤن میں واقع نجی بینک میں ڈکیتی کی واردات کے دوران ڈاکو 87 لاکھ روپے لوٹ مار فرارہونے میں کامیاب ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق شہرقائد میں پولیس افسران کے دعوؤں کے برعکس اسٹریٹ کرائم اورلوٹ مار کی وارداتوں کا تسلسل جاری ہے، شہرقائد میں شاہراہ نورجہاں تھانے کے علاقے شادمان ٹاؤن نمبرایک میں واقع رہائشی اپارٹمنٹ کے ڈی اے فلیٹس میں قائم نجی بینک میں 6 ڈاکو داخل ہوئے اورڈکیتوں نے بینک میں تعینات سیکیورٹی گارڈزکوقابو کرنے کے بعد بینک عملے اوربینک میں موجود کھاتیداروں کو اسلحہ کے زورپریرغمال بنانا لیا اور لوٹ مارشروع کردی۔


ڈاکوؤں چند منٹوں میں بینک سے لاکھوں روپے لوٹ لیے اورسیکیورٹی گارڈز سے اسلحہ چھین کر باآسانی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، بینک میں ڈکیتی کی واردات کی اطلاع ملنے پر پولیس اور رینجرزکے افسران موقع پر پہنچ گئے جبکہ جائے واردات سے شواہد اکٹھا کرنے کے لیے فوری طورپرکرائم سین یونٹ کو بھی طلب کرلیا گیا۔

ایس ایس پی ایس آئی یو جنید شیخ بھی موقع پرپہنچ گئےاورانھوں نے جائے واردات دورہ اورشواہد کا جائزہ لینے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ بینک میں ڈکیتی کی واردات کے دوران ڈاکو مجموعی طور پر87 لاکھ روپے لوٹ کرفرار ہوئے ہیں ، واردات میں ملوث مسلح ڈکیتوں کی تعداد 6 تھی۔

انھوں نے بتایا کہ بینک میں ڈکیتی کی واردات مکمل ریکی کے بعد انجام دی گئی، ڈاکوؤں کے علم میں تھا کہ مذکورہ بینک کی سیکیورٹی کم ہوتی ہے اوراسی کا ڈکیتوں نے فائدہ اٹھایا۔ ایس ایس پی نے بتایا کہ ڈاکو 20 سے 25 منٹ تک بینک میں موجود رہے اورواردات مکمل کرنے کے بعد فرارہوئے، بینک کے باہر ایک ہی کمیرا نصب ہے تاہم پولیس بینک کے ادرگرد لگے دیگر سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج حاصل کر رہی ہے تاکہ ملزمان کے فرار کے روٹ معلوم ہوسکے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں