کراچی سے غیرقانونی مقیم افغان باشندوں کا پہلا قافلہ چمن روانہ

ہولڈنگ کیمپ سے روانہ کیے جانے والے قافلے میں خواتین اور بچوں سمیت 120 تارکین وطن سوار تھے


Staff Reporter November 02, 2023
فوٹو: فائل

شہرقائد میں مقیم غیرقانونی تارکین وطن کی واپسی کا باقاعدہ آغازہوگیا، چار بسوں پر مشتمل پہلا قافلہ سخت سیکیورٹی میں اولڈ حاجی کیمپ میں قائم ہولڈنگ کیمپ سے چمن روانہ کردیا گیا۔

حکومتی ڈیڈ لائن کے اختتام کےبعد شہرقائد میں مقیم غیرقانونی تارکین وطن کی واپسی کا باقاعدہ آغازہوگیا ہے، گزشتہ روزچار بسوں پر مشتمل پہلا قافلہ سخت سیکیورٹی میں اولڈ حاجی کیمپ میں قائم ہولڈنگ کیمپ سے چمن کے لیے روانہ ہو گیا۔

کمشنر کراچی سلیم راجپوت ، ڈی آئی جی ساؤتھ سید حیدر رضا اور ڈپٹی کمشنر کیماڑی جنید اقبال کی نگرانی میں پہلا قافلہ روانہ کیا گیا، ہولڈنگ کیمپ سے روانہ کیے جانے والے قافلے میں خواتین اور بچوں سمیت 120 تارکین وطن سوار تھے ۔

روانہ ہونے والی بسوں پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے گُل پاشی بھی کی گئی اور گل دستے بھی پیش کیے گئے ،روانہ کی جانے والے ہرایک بس میں 30،30 تارکین وطن سوار تھے، تارکین وطن کو قافلے کو پائلیٹ اسکارڈ کے ساتھ روانہ کیا گیا۔

اسکارڈ میں 2 پائلیٹ اور 4 پولیس موبائلیں شامل ہیں، قافلے میں تارکین وطن کی سکیورٹی کے لیے ہر ایک بس میں 3 تین پولیس اہلکار سوارکیے گئے ہیں۔

اس سے قبل ڈی سی کیماڑی جنید اقبال نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ بسوں میں سوار تارکین وطن کو چمن منتقل کیا جا رہا ہے، بسوں کو مکمل سیکیورٹی میں چمن تک پہنچایا جائے گا اور غیر قانونی تارکینِ وطن کو چمن بارڈر پر افغان حکام کے حوالے کیا جائے گا۔

انھوں نے بتایا کہ ہولڈنگ کیمپ میں غیر قانونی تارکینِ وطن کو تمام سہولیات مہیا کی جا رہی ہیں ، تارکین وطن کو تین وقت کا کھانا فراہم کررہے ہیں جبکہ ہولڈنگ کیمپ میں ادویات اورڈاکٹرکی سہولت بھی فراہم کی جارہی ہے۔

انھوں نے بتایا کہ ہولڈنگ کیمپ میں موجود ایک تارکین وطن خاتون حاملہ تھی جس کی وجہ سے ان کی فیملی کوروکا گیا ہے،انھوں نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں ان تارکین وطن کو روانہ کیا جا رہا ہے کہ جن کے پاس کسی بھی قسم کے کوئی دستاویزات نہیں ہیں۔

ڈی سی کی کیماڑی کا کہنا تھا کہ اچھے طریقے سےسہولیات دے کر تمام تارکین وطن کوروانہ کررہے ہیں ، انہوں نے بتایا کہ تارکین وطن کا دوسرا قافلہ جمعرات کی شب یا جمعے کی صبح روانہ کردیا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں