امریکی سفیر کی بلوچستان میں سیاحت کے فروغ اور قدیم تہذیب کو محفوظ بنانے کی پیشکش

ڈونلڈ بلوم کی نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان سے ملاقات، بلوچستان میں مختلف شعبوں میں امریکی کوششوں کو سراہتے ہیں،وزیراعلیٰ


ویب ڈیسک November 20, 2023
(فوٹو : فائل)

نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان سے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے ملاقات کی اور بلوچستان میں سیاحت کے فروغ اور قدیم تہذیب کو محفوظ بنانے کے لیے معاونت فراہم کی پیشکش کی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے نگراں وزیراعلی بلوچستان سے کوئٹہ میں ملاقات کی جس میں صوبے کے مختلف امور پر بات چیت کی گئی۔ ملاقات میں قونصل جنرل کانرڈ ٹریبل بھی موجود تھے۔

امریکی سفیر ڈونلڈ آرمن بلوم نے کہا کہ بلوچستان میں سیاحت کے فروغ اور قدیم تہذیب کو محفوظ بنانے کے لیے معاونت کریں گے، امریکا اور عالمی اداروں نے سندھ اور بلوچستان میں گزشتہ سال کے تباہ کن سیلاب کے متاثرین کی کھل کر مدد کی، بلوچستان اور خیبر پختون خوا میں امن و فراہمی انصاف کے منصوبوں پر کام کررہے ہیں۔

نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا کہ بلوچستان پولیس کو گاڑیاں، جدید آلات اور ساز و سامان فراہم کیا گیا ہے، بلوچستان میں امریکی حکومت اور عوام نے تعلیم خصوصاً گرلز ایجوکیشن کے لئے نمایاں تعاون کیا ہے، پاکستان اور امریکا کے مابین دیرپا سفارتی اور دفاعی تعلقات استوار ہیں۔

نگراں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پاکستان عالمی امن کے لیے امریکا کی کاوشوں کو سراہتا ہے، بلوچستان روایتوں کا امین صوبہ ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔