زارا نور عباس کے ہاں دوسرے بچے کی پیدائش متوقع

پہلے بچے کے انتقال کی وجہ سے زارا نور عباس ڈپریشن میں چلی گئی تھیں


ویب ڈیسک December 01, 2023
زارا نور عباس اور اداکار اسد صدیقی نے دسمبر 2017 میں شادی کی تھی : فوٹو: فائل

شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ زارا نور عباس کے ہاں بہت جلد دوسرے بچے کی پیدائش متوقع ہے جس کا اعلان اُنہوں نے سوشل میڈیا کے ذریعے کیا۔

زارا نور عباس نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاوْنٹ پر اپنی ایک تصویر پوسٹ کی جس میں وہ ہاتھ میں ڈونٹ لیے کافی خوش نظر آرہی ہیں جبکہ اُن کے عقب میں اُن کے شوہر اور اداکار اسد صدیقی پودوں کو پانی دے رہے ہیں۔

اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ "راؤنڈ 2، انشااللہ"، اس کے ساتھ ہی اُنہوں نے بچے اور فیملی والے ایموجی کا بھی اضافہ کیا جس سے واضح ہورہا ہے کہ وہ دوسری بار حاملہ ہیں۔

اس پوسٹ پر شوبز ستاروں اور مداحوں کی جانب سے زارا نور عباس اور اسد صدیقی کو مبارکباد دینے کا سلسلہ جاری ہے۔




یاد رہے کہ زارا نور عباس کے پہلے بچے کی قبل ازوقت پیدائش ہوئی تھی جو فوری طور پر انتقال کرگیا تھا، اس حوالے سے اسد صدیقی نے ایک انٹرویو میں واضح کیا تھا کہ اُن کی اہلیہ کا پہلا حمل ضائع نہیں ہوا تھا بلکہ بعض پیچیدگیوں کے باعث بچے کی قبل از وقت (6 ماہ کے) بچے کی پیدائش ہوئی تھی۔

اسد صدیقی کا کہنا تھا کہ اُنہوں نے خود اپنے اور زارا نور عباس کے بچے کی تدفین کی تھی جبکہ بچے کے انتقال کی وجہ سے زارا نور عباس ڈپریشن میں چلی گئی تھیں۔

مزید پڑھیں: زارا نورعباس اور اسد صدیقی کی فیملی کے ساتھ عمرہ ادائیگی

واضح رہے کہ زارا نور عباس اور اسد صدیقی کی شادی دسمبر 2017 میں ہوئی تھی، اداکارہ کی یہ دوسری شادی ہے، اُن کی پہلی شادی 2014 میں ہوئی تھی لیکن سال 2017 کے آغاز میں ہی ان کی طلاق ہوگئی تھی۔

اسد صدیقی اداکار عدنان صدیقی کے بھانجے ہیں جو بہت سے ڈراموں کے ذریعے ڈرامہ انڈسٹری میں اپنی شناخت بنا چکے ہیں جبکہ زارا نور عباس اداکارہ اسما عباس کی بیٹی اور بشری انصاری کی بھانجی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں