میری موت کی خبر نے سجاد علی کو پریشان کردیا تھا اسما عباس
کینسر کی تشخیص کے بعد سے اسما عباس کے انتقال کی خبریں سوشل میڈیا پر گردش کرتی رہی ہیں
شوبز انڈسٹری کی سینیئر اداکارہ اسما عباس نے انکشاف کیا ہے کہ اُن کے انتقال کی خبر نے گلوکار سجاد علی کو پریشان کردیا تھا جس کے بعد گلوکار نے فون کرکے اُن سے خیریت دریافت کی تھی۔
اسما عباس نے حال ہی میں مزاحیہ پروگرام 'ہنسنا منع ہے' میں شرکت کی جہاں اُنہوں نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی اُن سے متعلق عجیب و غریب افواہوں کے بارے میں بات کی۔
اداکارہ نے کہا کہ "کینسر کی تشخیص کے بعد سے اکثر سوشل میڈیا پر میرے انتقال کی خبر گردش کرتی رہتی ہے جس کی وجہ سے میرے رشتے دار اور دوست احباب بھی پریشان ہوجاتے ہیں"۔
اُنہوں نے کہا کہ "جب بھی میرے انتقال کی خبر وائرل ہوتی ہے تو میرے پاس فون کالز آتی ہیں اور لوگ مجھ سے میری خیریت دریافت کرتے ہیں، میں شرمندہ ہوتے ہوئے اُنہیں یہی کہتی ہوں کہ میں تو زندہ ہوں"۔
اسما عباس نے ڈیڑھ ماہ پہلے کا واقعہ سُناتے ہوئے کہا کہ "مجھے گلوکار سجاد علی کا فون آیا، میں پہلے تو حیران ہوگئی تھی کہ اتنی مقبول شخصیت کی مجھے کال آرہی ہے، میں بہت زیادہ خوش ہوگئی تھی"۔
مزید پڑھیں: سوتن سے بہنوں جیسا تعلق کیسے بن سکتا ہے، اسما عباس نے راز کی بات بتادی
اداکارہ نے کہا کہ "میں نے جب فون اُٹھایا تو سجاد نے میری خیریت دریافت کی، میں نے کہا میں تو بالکل ٹھیک ہوں" جس پر گلوکار نے کہا کہ "آپ کے انتقال کی خبر نے مجھے اور میرے اہلخانہ کو بہت پریشان کردیا تھا"۔
واضح رہے کہ 5 سال قبل اسما عباس کو کینسر کی تشخیص ہوئی تھی جس کے بعد اُنہوں نے اس موذی مرض کا علاج کروایا اور بہادری سے کینسر کو شکست دینے میں کامیاب ہوئیں۔
کینسر کی تشخیص کے بعد سے اسما عباس کے انتقال کی خبریں سوشل میڈیا پر گردش کرتی رہی ہیں لیکن اب اداکارہ مکمل طور پر صحتیاب ہیں اور ڈراموں میں بھی کام کررہی ہیں۔