پنجاب میں غیرملکی ماہرین کی حفاظت کیلیے نیا یونٹ قائم

یعقوب ملک  بدھ 28 مئ 2014
سابق ڈائریکٹرایف آئی اے ظفراقبال اعوان اسپیشلائزڈیونٹ کے پہلے ڈی آئی جی مقرر. فوٹو: فائل

سابق ڈائریکٹرایف آئی اے ظفراقبال اعوان اسپیشلائزڈیونٹ کے پہلے ڈی آئی جی مقرر. فوٹو: فائل

اسلام آباد: پنجاب حکومت کی جانب سے اہم قومی منصوبوں میں فرائض سرانجام دینے والے غیرملکی انجینئروں اوردیگر ماہرین کی حفاظت کیلیے قائم اسپیشلائزڈ پروٹیکشن یونٹ نے کام شروع کردیا ہے۔

سابق ڈائریکٹر ایف آئی اے کیپٹن (ر)ظفراقبال اعوان کواس یونٹ کا پہلا ڈی آئی جی مقررکیاگیا ہے۔ذرائع نے ایکسپریس انویسٹی گیشن سیل کوبتایاکہ وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے پولیس سروس گروپ کے گریڈ 20کے افسر ظفراقبال اعوان کی تعیناتی کی منظوری دی ہے۔یہ یونٹ وزیراعلیٰ پنجاب کی براہ راست نگرانی میں بنایاگیا ہے۔ظفراقبال اعوان  قبل ازیں ڈائریکٹر ایف آئی اے اسلام آباد زون کے طور پرکام کر رہے تھے،اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے پنجاب حکومت کی درخواست پر 22اپریل کوان کی خدمات صوبائی حکومت کے حوالے کردی تھیں۔ سپیشلائزڈ پروٹیکشن یونٹ میں ڈھائی ہزار افسراوراہلکارلیے گئے ہیں۔

ان اہلکاروں کوبھرپور وسائل، جدید ترین ہتھیار اورسازوسامان دینے کے علاوہ فوجی طرزکی تربیت دی جائے گی۔اس یونٹ کے قیام سے پہلے پنجاب میںکام کرنے والے غیرملکیوں کی حفاظت کی ذمہ داری متعلقہ ضلع کی پولیس کی ہوتی تھی لیکن اب اس مقصد کیلیے آزادادارہ بنادیاگیاہے۔اس یونٹ کے قیام سے اضلاع کی پولیس پراضافی بوجھ کم ہوگا۔ اسپیشلائزڈ پروٹیکشن یونٹ کاڈی آئی جی بننے کے حوالے سے جب ظفراقبال اعوان سے رابطہ کیاگیاتوانہوں نے تصدیق کی اوربتایاکہ وزیراعلیٰ پنجاب نے ان کی تعیناتی کی منظوری دی ہے ۔انہوں نے بتایاکہ تعیناتی کانوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعدوہ چند روز میں ذمے داریاں سنبھال لیں گے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔