الیکشن کا انعقاد ضرور ہوگا نتائج سے متعلق کچھ نہیں کہا جا سکتا نگراں وزیراعظم

سیاسی جماعتوں نے اپنے ووٹرز کو کچھ نہ کچھ تو کہنا ہے، انتخابات شفاف اور سیکورٹی بھی اچھی ہوگی، انوار الحق کاکڑ


ویب ڈیسک December 19, 2023
(فوٹو: فائل)

نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ الیکشن ضرور منعقد ہوں گے ، تاہم ان کے نتائج سے متعلق کچھ نہیں کہا جا سکتا۔

بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ ملک میں الیکشن صاف، شفاف اور منصفانہ ہوں گے، تاہم ان کے نتیجے سے متعلق کچھ نہیں کہا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی غیرقانونی تارکین وطن کےحوالے سےپالیسی میں تبدیلی نہیں ہوگی۔ قوم پرست سمجھتے ہیں کہ تمام چیزیں ان کی نظر سے دیکھی جائیں۔ قوم پرست ہرچیزکواپنی نظرسےدیکھتےہیں۔ بلوچستان میں لوگ کہتےہیں شفاف انتخابات نہیں ہوئے۔ وزیراعظم نے واضح کیا کہ عام انتخابات2024 صاف اورشفاف ہوں گے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اگر ہم انتخابات کا انعقاد نہ کرواتے تو داغ ہوتا، ہم انتخابات ضرور کروائیں گے اور الیکشن کمیشن انتخابات منعقد کرے گا، اس کے نتائج پر کچھ نہیں کہا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو اپنے ووٹرز کو کچھ نہ کچھ تو کہنا ہے۔ لسبیلہ میں جام کے مقابلے پر اگر کوئی غیر معروف شخصیت انتخابات میں کامیاب ہو جائے تو یہ بڑی بات ہوگی۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بلوچستان عوامی پارٹی (باپ) میں الیکٹیبلز تھے جو اکٹھے ہوئے تھے، صرف نام نیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ انتخابات کا انعقاد ایک نارمل پراسس ہے اور یہ شفاف اور منصفانہ ہوں گے۔ انتخابات کے دوران سکیورٹی بھی ان شا اللہ اچھی ہوگی۔ وزیراعظم نے بتایا کہ سوئی گیس میں صرف بلوچستان کو استثنا دیا گیا ہے۔ ہمارے پاس نئے منصوبوں کا مینڈیٹ نہیں۔ سب دن گنتے ہیں کہ کاکڑ کب جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اور آپ سب کے درمیان احترام کا رشتہ ہے، کسی پر طنز کرنا مناسب بات نہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں