شاہ محمود قریشی کا کاغذات نامزدگی جمع کروانے کیلیے عدالت سے رجوع
ضلع انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے ہراساں کیا جا رہا ہے، درخواست میں موقف
وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی اور بیرسٹر تیمور ملک نے کاغذات نامزدگی جمع کروانے کے لیے لاہور ہائیکورٹ ملتان بینچ سے رجوع کر لیا۔
لاہور ہائی کورٹ ملتان بینچ میں بیرسٹر تیمور ملک نے درخواست دائر کی جس میں شاہ محمود قریشی، زین قریشی، مہربانو قریشی، بیرسٹر تیمور ملک اور ان کے وکیل مہر ضمیر حسین سنڈھل کو تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
درخواست گزار کا موقف ہے کہ کاغذات نامزدگی وصول کرنے اور جمع کروانے کے لیے کسی قسم کی رکاوٹیں پیدا نا کی جائیں کیونکہ ضلع انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے ہراساں کیا جا رہا ہے۔
درخواست میں کاغذات نامزدگی جمع کروانے سے پولنگ تک تمام مراحل میں مکمل تحفظ اور آزادی فراہم کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔
پٹیشن میں الیکشن کمیشن، حکومت پنجاب، آئی جی پنجاب، ریٹرننگ افسران، سی پی او اور ڈپٹی کمشنر ملتان سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست پر سماعت آج ہی ہوگی۔